سرگودھا (نامہ نگار) ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا میں بچوں کی ہلاکتوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ گزشتہ روز بھی ایک اور نومولود بچہ دم توڑ گیا جبکہ 4 کی حالت انتہائی نازک بتائی جاتی ہے۔ علاوہ ازیں بچوں کی ہلاکت کے بعد 16 ڈاکٹروں جن میں 4 کنسلٹنٹ اور 12 میڈیکل افسرشامل ہیں، کیخلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہے۔ غفلت کے مرتکب پائے جانیوالوں کو معطل اور ان کیخلاف مقدمات بھی درج کئے جانے کا امکان ہے۔ علاوہ ازیں چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ نے ڈی ایچ کیو ہسپتال سرگودھا کو 15 دسمبر تک سنٹرل آکسیجن کرنے کا حکم دیدیا ہے۔ ڈاکٹروں کی کمی کو پورا کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات کرنے کیلئے سیکرٹری ہیلتھ پنجاب کو ہدایت کردی ہے۔ 56 کروڑ روپے کی لاگت سے 3 منزلہ نئے تعمیر ہونے والے 421 بیڈز پر مشتمل ہسپتال کو دسمبر میں فنکشنل کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب نوید اکرم چیمہ کی سربراہی میں گزشتہ روز ڈی ایچ کیو ہسپتال پر ایک اعلیٰ مشاورتی اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق ڈی ایچ کیو ہسپتال میں بچوں کی نرسری کو جدید بنیادی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔