لاہور (خبر نگار) ترجمان پنجاب حکومت زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ مولانا طاہرالقادری کا عوام سے ووٹ مانگنا اور دوتہائی اکثریت کی بات کرنا خوش آئند ہے، سیاسی اور جمہوری جدوجہد کرنا ہر شہری کا یکساں حق ہے،عوامی تحریک کو سیاسی میدان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا طاہرالقادری نے دیرآیددرست آید کے مصداق پارلیمنٹ اور منتخب اداروں پر اعتماد کا اظہار کر دیا ہے۔ زعیم قادری نے کہا کہ موجودہ حکومت احسن انداز میں اپنی ذمہ داریوں سے عہدہ برآہو رہی ہے۔ کسی کی طرف سے بے بنیاد الزامات عوام کو ہرگز متاثر نہیں کر سکتے۔ تمام سیاسی جماعتوں کو 2018ء کا انتظار کرنا ہو گا تاکہ انہیں اپنی مقبولیت کا علم ہو سکے۔ انہوں نے مولانا طاہرالقادری کی ناسازی طبع پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب انکی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔ دریں اثناء رانا ثناء اللہ خاں نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیاست میںناشائستگی، بدتہذیبی اور بے بنیاد الزامات عائد کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ عمران خان کو اداروں پر اعتبار ہی نہیں وہ انصاف کس سے مانگتے ہیں۔ راناثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی گوجرانوالہ میں بھی نائٹ شو کرنے کے علاوہ کوئی اور تیر نہیں مار سکی۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنما مشاہد اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان تھوڑا آرام کرکے اپنا علاج کرائیں، عمران کے پاس انتخابی دھاندلی کے ثبوت اب آئے ہیں تو پہلے وہ کیا کررہے تھے؟ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ عمران خان کو عدالتی اور قانونی طریقہ اختیار کرناچاہئے۔ عمران کے جلسے بے وقت کی راگنی ہیں۔