عمران پبلک لمیٹیڈ کمپنی کا طیارہ سیاسی مہم میں استعمال کر رہے ہیں: پرویز رشید

Nov 24, 2014

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ ایک پبلک لمیٹیڈ کمپنی کا طیارہ سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کر رہے ہیں۔ ایس ای سی پی نے مذکورہ کمپنی سے اس ضمن میں جواب طلب نہ کیا تو خود اسے پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ ہونا پڑے گا۔ عمراں نے بین الاقوامی تعلقات خراب کرنے کی کوشش کی جس کی پاداش میں انہیں روزانہ غیر ملکی سفیروں سے مل کر اپنی صفائی پیش کرنا پڑتی ہے۔ وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ وہ جلد ہی ان کے بارے میں مزید بڑی سٹوریوں کا انکشاف کریں گے۔ پرویز رشید نے کہا کہ عمران خان جو طیارہ استعمال کر رہے ہیں وہ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی جے ڈی ڈبل یو کی ملکیت ہے۔ اس کمپنی میں 20.76 فیصد شیئرز تحریک انصاف کے سیکرٹری جنرل جہانگیر ترین کے ہیں جبکہ 70.24 فیصد دیگر شیئرز ہولڈر ہیں، یہ جہاز کمپنی کی ملکیت ہے مگر عمران خان اسے ایسے استعمال کرتے ہیں جیسے ان کی ذاتی ملکیت ہو، ملکی قانون کے مطابق پبلک لمیٹڈ کمپنی کا جہاز سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی پبلک لمیٹڈ کمپنی سیاسی جماعت کو چندہ دے سکتی ہے۔ جہانگیر ترین کو اس پر سزا ہو سکتی ہے۔ پرویز رشید نے اس طیارہ اور عمران خان کے وی آئی پی پروٹوکول کے بارے میں صحافیوں کو ایک ویڈیو بھی دکھائی۔ تمام تر پریس کانفرنس کے دوران انہوں نے عمران خان کے بارے میں طنزیہ پیرائے میں گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو نہ گرفتار کرنا ہے اور نہ گرفتار کیا ہے، ماضی کے کلچر سے سیاسی جماعتیں باہر نکل آئی ہیں، عمران خان کو بھی چاہیے کہ وہ ماضی کی سیاست نہ کریں۔ عمران خان کا طیارہ فیول سے نہیں، غصے سے اڑتا ہے، وہ چوری کے پیسے سے سیاسی مہم چلا رہے ہیں۔ اقلیتی شیئرز ہولڈر نے یہ جہاز تحریک انصاف کے فتنہ فساد کیلئے استعمال پر دے رکھا ہے، مذکورہ کمپنی کا چارٹر گنا کرش کرنا ہے نا کہ پاکستانی معیشت کرش کرنا۔ جہاز پرویز رشید کی سائیکل تو نہیں۔ 2013-14ء کے اکائونٹس میں چار کروڑ کا خرچہ تو ڈالا گیا مگر وہ بھی دیگر اخراجات کی مد میں رکھا گیا ہے۔ پہلے جھوٹ کو چھپایا، دوسری بار جھوٹ کو لپیٹ دیا گیا۔ مذکورہ جہاز کے استعمال کرنے پر ڈائریکٹر کو دو سال کی قید اور جرمانہ کی سزا ہو سکتی ہے۔ عمران خان پی آئی اے کی پرواز میں نہیں جاتے کیونکہ عام آدمی کے ساتھ بیٹھنا اپنی توہین سمجھتے ہیں۔ ہمیں جہاز کے استعمال پر اعتراض نہیں مگر ذاتی یا پارٹی فنڈ سے خرچہ کریں۔ ہم نے الزام نہیں عائد کیا بلکہ جرائم کا ثبوت دکھایا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز نے ہیلی کاپٹر استعمال کیا، میڈیا نے معاملہ اٹھایا تو انہوں نے میڈیا کے سامنے کرائے کی رسیدیں رکھ دیں، اب ہم عمران خان سے بھی توقع کرتے ہیں کہ وہ کوئی رسیدیں عوام کے سامنے رکھیں گے۔ نجی ٹی وی کے ساتھ گفتگو میں پرویز رشید نے کہا کہ عمران نے اعتراف کیا کہ وہ بے صبرے ہیں۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 30 نومبر کیلئے کوئی آرڈیننس نہیں لایا جا رہا۔ انتظامیہ تحریک انصاف سے رابطے میں ہے۔ تحریک انصاف نے ماضی کو دہرانے کی کوشش کی تو قانون حرکت میں آئے گا۔ عمران کا خیال ہے کہ جھوٹ بار بار دہرانے سے سچ بن جاتا ہے۔ عمران کی جھوٹ فیکٹری آٹھ سال سے چل رہی ہے۔ عمران میرے سوالوں کے جواب میں مداریوں والی زبان استعمال نہ کریں۔ سچ سننے کا حوصلہ پیدا کریں اب اگلے آٹھ دن ہمارے سچ سننا پڑیں گے۔ تحریک انصاف کے رہنما جہانگیر ترین نے کہا ہے کہ جب بھی کمپنی کا طیارہ استعمال کیا اس کا کرایہ ادا کیا۔ پرویز رشید غلط بیانی کر رہے ہیں لیگل نوٹس بھجواؤں گا۔ انہوں نے کہا کہ طیارے کے اخراجات کا دستاویزی ریکارڈ موجود ہے اپنے وکلا کو پرویز رشید کے خلاف ہرجانے کے نوٹس کی ہدایت کر دی ہے۔ شفاف بزنس مین ہوں میری کمپنی اربوں روپے ٹیکس دیتی ہے۔ طیارے کے مکمل اخراجات ذاتی جیب سے دیتا ہوں۔ ترجمان تحریک انصاف شیریں مزاری نے پرویز رشید کے الزامات پر ردعمل میں کہا ہے کہ حکمرانوں پر 30 نومبر کا خوف طاری ہے۔ پرویز رشید جھوٹ بولنے کے ماہر ہیں قوم انہیں سنجیدہ نہیں لیتی جھوٹے الزامات کا جواب پریس کانفرنس کے ذریعے دیں گے۔ نوازشریف قومی دولت سے اپنے خاندان کو دنیا کی سیر کرا رہے ہیں۔

مزیدخبریں