کراچی (نوائے وقت رپورٹ) کراچی کے علاقے اورنگی ٹائون میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اے این پی کے ضلعی صدر جاں بحق ہو گئے۔ ترجمان کے مطابق مقتول ڈاکٹر ضیاء الدین اے این پی ڈسٹرکٹ ویسٹ کے صدر تھے۔ ترجمان اے این پی نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آوروں کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے۔ بتایا گیا ہے کہ ڈاکٹر ضیاء الدین مسجد سے گھر جا رہے تھے جب موٹر سائیکل سواروں نے انہیں فائرنگ کا نشانہ بنایا۔ پولیس اور رینجرز نے اطلاع ملتے ہی علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ اے این پی ذرائع کے مطابق ڈاکٹر ضیاء الدین پر پہلے بھی 2قاتلانہ حملے ہو چکے ہیں اور انہیں کچھ عرصے سے پھر دھمکیاں مل رہی تھیں۔ ادھر اے این پی کے کارکنوں نے رات گئے ضلعی صدر ڈاکٹر ضیاء الدین کے قتل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ ہائوس کے سامنے دھرنا دیا۔ انہوں نے وزیراعلیٰ کے مشیر وقار مہدی سے مذاکرات کرنے سے انکار کر دیا اور احتجاج جاری رکھا۔ انہوں نے حکومت کی مذاکراتی ٹیم کو دھکے دئیے۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ ہائوس کے اطراف کی سڑکوں کو ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا۔ پولیس کی بھاری نفری متعین رہی۔ اے این پی کے صدر اسفند یار ولی نے ڈاکٹر ضیاء الدین کے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے سوگوار خاندان سے ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں اورنگی ٹائون میں ہی نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے ایم کیو ایم کے کارکن وحید کو قتل کر دیا۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی اور کارکنوں کے قتل کے واقعات تواتر سے ہو رہے ہیں مگر حکومت سو رہی ہے۔
کراچی، فائرنگ کے واقعات، اے این پی کا ضلعی صدر، ایم کیو ایم کا کارکن قتل
Nov 24, 2014