عوام کام کرنے اور نہ کرنے والوں کو پہچان چکے، ترقی کے سفر میں تمام جماعتیں ساتھ دیں: نوازشریف

Nov 24, 2014

لاہور (خبر نگار) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ آپریشن ضرب عضب کی کامیابی پوری قوم کی کامیابی ہے، اس سے ملک سے دہشتگردوں کا صفایا ہوگا، قوم دہشتگردوں کے خلاف متحد اور اپنی افواج کی پشت پر ہے۔ حکومت ملک و قوم کی خوشحالی کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے، تمام جماعتیں قومی ترقی کے سفر میں ساتھ دیں، توانائی سمیت دیگر بحرانوں سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہیں، انشاء اللہ حکومت ملک و قوم کیلئے بڑی کامیابیاں سمیٹے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جاتی عمرا، رائے ونڈ میں وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ملاقات کے دوران کیا۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال خصوصاً تحریک انصاف کی 30نومبر کو اسلام آباد میں احتجاج کی کال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں راہنمائوں نے اتفاق کیا کہ ہر کسی کو آئین و قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنی سرگرمیاں کرنے کی اجازت ہو گی لیکن قانون کو ہاتھ میں لینے والوں کیخلاف قانون حرکت میں آئے گا۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم محمد نواز شریف نے وزیراعلیٰ سے سرگودھا اور وہاڑی کے ہسپتالوں میں بچوں کی اموات کی خبروں پر بھی مکمل معلومات حاصل کیں۔ وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وزیراعظم کو بتایا کہ اس معاملہ میں غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی شروع کر دی گئی ہے، غفلت کے مرتکب افراد کو معاف نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی ترجیح ہے اور اس سے کسی صورت غفلت نہیں برتی جائے گی۔ وزیراعظم نے ہدایت کی کہ عوام کو صحت کی سہولیات خصوصاً سرکاری ہسپتالوں میں علاج معالجے اور مفت ادویات کی فراہمی کے حوالے سے اقدامات کو مزید بہتر کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے وزیر اعظم کو بتایا کہ سیلاب متاثرین کو امداد کی فراہمی کا دوسرا مرحلہ شفاف طریقے سے جاری ہے جو 25نومبر کو اپنے اختتام کو پہنچ جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے وزیراعظم کو سانحہ کوٹ رادھا کشن پر ہونیوالی پیشرفت سے آگاہ کرنے کے علاوہ مختلف جاری منصوبوں کے حوالے سے بھی بریفنگ دی۔ دونوں رہنمائوں میں پارٹی کے امور بھی زیر بحث آئے۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے۔ ہم عوام سے کئے گئے وعدوں اور اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کریں گے جس کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔ قومی خدمت اور ترقی کا سفر ہماری پہچان بن چکا ہے۔ تمام جماعتوں کو قومی ترقی کے سفر میں ہمارا ساتھ دینا چاہئے۔ حکومت ملک کو ترقی کے سفر پر گامزن کر چکی ہے۔ 2018ء میں آئندہ عام انتخابات تک بڑی کامیابیاں سمیٹ چکے ہوں گے جس سے ملک میں ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ نجی ٹی وی اور ایجنسیوں کے مطابق ملاقات کے دوران وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا کہ عوام کام کرنے اور نہ کرنے والوں کو پہچان چکے ہیں، ملک کی اکائی کمزور کرنے والوں کو سب پہچان چکے ہیں، آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے، عوام 2018ء میں ووٹ کی طاقت سے نئی حکومت منتخب کریں گے، تمام جماعتوں کا ملک کی ترقی کے لئے ایک ساتھ ہونا وقت کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی مکمل حمایت کے ساتھ آپریشن ضرب عضب جاری ہے۔ قانون و آئین کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ملاقات میں 30نومبر کو تحریک انصاف کے اسلام آباد ہونے والے جلسے میں کسی قسم کا رخنہ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پرامن طور پر انہیں احتجاج کی اجازت ہو گی، وزیراعظم کے آئندہ دورہ نیپال پر بات کی گئی۔ سردار ذوالفقار کھوسہ کے معاملہ پر گفتگو کی گئی۔ مسلم لیگ ن کی جانب سے اس معاملے پر خاموشی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملک و قوم کی خوشحالی کے ایجنڈا کی تکمیل کیلئے کوشاں ہے، تمام جماعتیں قومی ترقی کے سفر میں ساتھ دیں، توانائی سمیت دیگر بحرانوں سے نمٹنے کیلئے پُرعزم ہیں، انشاء اللہ حکومت ملک و قوم کیلئے بڑی کامیابیاں سمیٹے گی، دونوں رہنمائوں میں پارٹی کے امور بھی زیر بحث آئے اور وزیراعلیٰ شہباز شریف نے وزیراعظم نوازشریف سے رہنمائی حاصل کی۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا تھاکہ حکومت عوامی مینڈیٹ سے اقتدار میں آئی ہے، ہم عوام سے کئے گئے وعدوں اور اپنے منشور پر مکمل عملدرآمد کریں گے جس کے لئے عملی طور پر کوشاں ہیں۔ قومی خدمت اور ترقی کا سفر ہماری پہچان بن چکا ہے، حکومت ملک کو ترقی کے سفر پر گامزن کر چکی ہے، عوام کام کرنے اور نہ کرنے والوں کو پہچان چکے ہیں، دہشت گردی کی کمر توڑ چکے ہیں، قانون اور آئین کی حفاظت حکومت کی ذمہ داری ہے۔ کابینہ میں ردو بدل کی جلدی نہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ دھرنوں اور تشدد کی سیاست کو عوام مسترد کر چکے ہیں، دھرنے والے پارلیمنٹ میں آکر اپنا کردار ادا کریں۔ سب کو پتہ چل گیا ہے کہ ملک کو کمزور کرنے والے کون ہیں۔

مزیدخبریں