بہاول پور (نامہ نگار) صوبوں کوخودمختاری دی ہوتی تو مشرقی پاکستان علیحدہ نہ ہوتا ہماری حکومت نے صوبوں کوخودمختاری دی، جنوبی پنجاب کی محرومی کے ازالہ کیلئے این ایف سی ایوارڈ کی طرح صوبائی سطح پر پی این ایف ایوارڈ کا اعلان کیا جائے جب تک سیاسی اور اکنامک استحکام نہیں ہوگا سیاسی ماحول بہتر نہیں ہو سکتا ہے حکومت اگر بہاول پورصوبہ کی بحالی اور جنوبی پنجاب صوبہ بنانے میں مخلص ہے تو پیپلزپارٹی حمایت کریگی۔ الیکشن ریفارمز اور نیوٹرل الیکشن کمیشن قائم کئے بغیر الیکشن کرانا درست نہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے نوازش پیرزادہ کی رہائشگاہ پر ڈویژنل ورکرزکنونشن کے بعد صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ یوسف رضاگیلانی نے کہاکہ 30 نومبر کو لاہور میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کے موقع پر تمام ملک میں ورکرزکنونشن منعقدکرائے جارہے ہیں۔ یوم تاسیس کے بعد تمام صوبوں میں صوبائی، ڈویژنل کنونشن منعقدکئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ عدلیہ نے وزیراعظم کے خلاف نہیں بلکہ پارلیمنٹ کے خلاف فیصلہ دیا تھا۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف دھرنوں کی سیاست کرنے کی بجائے الیکشن ریفارمزاورغیرجانبدار الیکشن کمیشن بنانے پر توجہ دیں۔ کالاباغ ڈیم تمام صوبوں کے وزراءاعلی اور باہمی مشاورت کے بعد بنایا جائے تو بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی پی پی واحد سیاسی جماعت ہے جہاں ورکرز سینٹ پارلیمنٹ میں منتخب ہوکر جاتے ہیں پاکستان پیپلزپارٹی کارکنوں کی جماعت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ن لیگ کو سپورٹ نہیں کر رہی بلکہ آئین کا تحفظ کر رہی ہے۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مروٹ سانحہ کی مذمت کرتے ہیں غریب کسانوں کو ٹیوب ویلزکے بھاری بلوں کے حوالہ سے قومی اسمبلی میں قرارداد پیش کریں گے۔ لاڑکانہ میں جلسہ عمران خان کی توقعات کے مطابق نہیں تھا۔
یوسف رضا گیلانی