لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ٹورازم ڈویلپمنٹ کارپوریشن کے چیئرمین چوہدری کبیر نے وزیر اعظم پاکستان میاں نواز کی ہدایت پر گذشتہ روز بابا گراونڈ اسلام پورہ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر اسلام پورہ گراونڈ میں زیر تربیت کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ آرگنائزر سید عبدالرشید نے گراونڈ میں کھلاڑیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ چوہدری کبیر کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم میاں نواز شریف کی ہدایت پر بابا گراونڈ کو کھیلوں کے لیے از سر نو تیار کیا جا رہا ہے اپنے دورہ کی تمام تفصیلات جلد انہیں رپورٹ بنا کر دوں گا۔ تمام کام مکمل ہونے پر میاں نواز شریف ذاتی طور پر اس گراونڈ کا افتتاح خود کرینگے۔ اس موقع پر ہمایوں بٹ، نومی بٹ، آغا محمد علی، محمد سعید خان اور طاہر قریشی ایڈوکیٹ موجود تھے۔
بنگلہ دیش نے زمبابوے کو دوسرے ون ڈے میچ میں بھی ہرا دیا
چٹاگانگ (سپورٹس ڈیسک) بنگلہ دیش نے زمبابوے کو 88 رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں دو صفر کی برتری حاصل کر لی۔ بنگلہ دیش نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے۔ زمبابوے کی ٹیم 44.5 اوورز میں 183 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔ تمیم اقبال 78، انعام الحق 80 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پنیانگرااور کمنگوزی نے دو دو جبکہ چٹارا اورسیباندا نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مائر 50، کپتان ایلٹن چیگمبورا 38 اور چکبووا 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ عرفات سنی نے 4، مشرفی مرتضیٰ نے 3، الامین حسین اور شکیب الحسن نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ مشرفی مرتضیٰ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔