کمپیوٹر سکیورٹی کی ایک نمایاں کمپنی سیمن ٹیک کے مطابق اس نے کمپیوٹرز کو نقصان پہنچانے والا اب تک کا سب سے پیچیدہ سافٹ ویئر دریافت کیا ہے۔ وائرس زدہ سافٹ ویئر کو رئجن کا نام دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ اتنا عمدہ پروگرام ہے کہ عین ممکن ہے کہ اسے کسی حکومت کی سرپرستی میں تیار کیا گیا ہو۔ کمپنی کے مطابق یہ وائرس دنیا بھر اپنے اہداف پر گذشتہ چھ سال سے کام کر رہا ہے۔ کمپیوٹر پر ایک بار انسٹال ہونے پر یہ خود کار طریقے سے سکرین شاٹس لے سکتا ہے، پاس ورڈز کی چوری اور ضائع کی جانے والی معلومات کو دوبارہ حاصل کر سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس سافٹ ویئر کے نتیجے میں سب سے زیادہ کمپیوٹر روس، سعودی عرب اور آئرلینڈ میں متاثر ہوئے ہیں۔