ننکانہ صاحب (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) سکھ مذہب کے بانی بابا گورونانک کے 547ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کیلئے گزشتہ رات حسن ابدال سے 3ہزار سے زائد بھارتی سکھ یاتری خصوصی ٹرینوں کے ذریعے ننکانہ صاحب پہنچے۔ ریلوے سٹیشن پر ایڈمنسٹریٹر متروکہ وقف املاک بورڈ وہاب گل ، ڈی پی او ننکانہ شہزادہ سلطان، اے ڈی سی ڈاکٹر شاہ زیب، ڈی او سول ڈیفنس مبشرربانی اور ضلعی انتظامیہ کے دیگر افسران نے سکھ یاتریوں کا پرتپاک استقبال کیا اور ان پر پتیاں نچھاور کیں، سکھ یاتریوں کو سکیورٹی کے کڑے حصار میں خصوصی بسوں کے ذریعے ریلوے سٹیشن سے گورودوارہ جنم استھان پہنچایا گیا اس موقع پر ریلوے روڈ پر واقع تمام دکانوں کو بند کروا دیا گیا تھا۔ تقریبات کے دوران سکھ یاتری اپنی مذہبی رسومات جن میں اکھنڈپاٹھ، شبد کیرتن، متھاٹیکی، ارداس، اشنان اور گورودواروں کی یاترا شامل ہے مذہبی جوش و خروش کے ساتھ ادا کر رہے ہیں۔ تقریبات میں اندرون ملک سمیت کینیڈا، افغانستان، انگلینڈ، امریکہ، بھارت اور دیگر ممالک سے ہزاروں سکھ اور ہندو یاتری شریک ہیں، تقریبات کے دوران ننکانہ صاحب میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے، شہر کے داخلی اور خارجی راستوں پر پولیس اہلکاروں کی بھاری نفری تعینات ہے۔ اس موقع پر سکھ یاتری سردار امرجیت سنگھ، سردار گورمیت سنگھ، امرت کور سمیت دیگر سکھ یاتریوں نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان نے ننکانہ صاحب میں جو ہمارے لئے انتظامات کیے ہیں وہ قابل ستائش ہیں ہم ان شاندار انتظامات کو زندگی بھر بھول نہیں پائیں گے جس پر ہم حکومت پاکستان اور متروکہ وقف املاک بورڈ کے تہہ دل سے مشکور ہیں۔ دوسری طرف متروکہ وقف املا ک بورڈ کے چیئرمین صدیق الفاروق نے بابا گو رونانک کے 547 ویں جنم دن کی تقریبات کے دوران سکھ یاتریوں کیلئے کئے گئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے رات گئے گوردوراہ جنم استھان ننکانہ صاحب کا اچانک دورہ کیا۔انہوں نے گوردوراہ جنم استھان میں آئے ہوئے مختلف سکھ یاتریوں سے ان کے مسائل پوچھے اور انہیں فوری طور پر حل کرنے کی ہدایت دی، صدیق الفاروق نے سکھ یاتریوں سے انہیں فراہم کی گئی سہولیات کے بارے بھی دریافت کیا۔ انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی وہ سکھ یاتریوں کو ہرممکن سہولیات کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل استعمال کئے جائیں۔