بینظیر کیس‘ مارک سیگل کی شہادت اور جرح کیخلاف مشرف کی درخواست پر فیصلہ محفوظ

Nov 24, 2015

راولپنڈی (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں بے نظیر بھٹو قتل کیس میں استغاثہ کے گواہ امریکی صحافی مارک سیگل کی واشنگٹن سے وڈیو لنک کے ذریعے شہادت قلمبند اور جرح کرنے کے خلاف مشرف کی درخواست پر وکیل صفائی نے پیر کو دلائل دیے۔ ایف آئی اے کے سینئر سپیشل پبلک پراسیکیوٹر چودھری محمد اظہر پہلے ہی اپنے دلائل مکمل کر چکے ہیں۔ خصوصی عدالت کے جج رائے ایوب مارتھ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کرتے ہوئے دو دسمبر تک سماعت ملتوی کر دی ہے۔ سماعت کے دوران وکیل صفائی نے استغاثہ کے گواہ طارق الیاس کیانی پر جرح کی جبکہ وکیل صفائی ملک جواد خالد نے قبل ازیں شہادت قلمبند کرانے والے گواہوں پر جرح کرنے کی اجازت دینے کے لئے درخواست دی جس پر دو دسمبر کو بحث کی جائے گی۔

مزیدخبریں