اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وزیراعظم محمد نوازشریف وزراء ارکان پارلیمنٹ‘ سپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سینیٹ کی تنخواہوں میں اضافہ پر بمشکل آمادہ ہوئے۔ وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار کو وفاقی کابینہ کے اجلاس میں ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا کیس لڑنا پڑا‘خواجہ آصف اور خواجہ سعد رفیق نے انکی حمایت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں معلوم ہے ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہیں بیوروکریٹس سے بھی کم ہیں۔ لیکن اس میں اضافہ کو بعض عناصر ایشو بنائیں گے۔ وزیر خزانہ محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ آئے روز پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں ارکان کی عدم دلچسپی سے کورم ٹوٹتا رہتا ہے۔ میں نے ان سے تنخواہوں میں اضافہ کا وعدہ کر رکھا ہے۔ وزیراعظم نے اپنی تنخواہ نہ بڑھانے کی شرط پر ارکان پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافہ کی منظوری دے دی۔ بعض وزراء نے سمری سے زائد اضافہ کا مطالبہ کیا تو وزیراعظم نے کہا کہ پہلے کام کرکے دکھائیں پھر تنخواہ مزید بڑھانے کی بات کریں گے۔
کابینہ اجلاس‘ وزیراعظم نوازشریف تنخواہوں میں اضافہ پر بمشکل آمادہ ہوئے
Nov 24, 2016