اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) برطانوی وزیر خارجہ بورس جانسن اور مشیر خارجہ سرتاج عزیز کے درمیان آج جمعرات کے روز دفتر خارجہ میں مذاکرات ہوں گے۔ جس کے بعد دونوں مشترکہ پریس کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔ برطانوی وزیر خارجہ اپنے اس دورے کے دوران وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گے۔ برطانیہ کے وزیر خارجہ آج لاہور پہنچیں گے۔ یہاں وزیر خارجہ اپنے دورہ لاہور کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور گورنر پنجاب محمد رفیق رجوانہ سے ملاقاتوں کے علاوہ بادشاہی مسجد، شاہی قلعہ اور شاعر مشرق علامہ اقبال کے مزار پر جائیں گے۔ برطانوی وزیر خارجہ کی لاہور آمد پر سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے چیف سیکرٹری پنجاب کی زیرصدارت ایک اجلاس بھی منعقد ہوا۔