دکھی انسانیت کادرد نہ رکھنے والے عہدوں نہیں سزاکے حقدار ہیں :شہباز شریف

Nov 24, 2016

لاہور/ ننکانہ صاحب (خصوصی رپورٹر + نامہ نگاران) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہمیں نے عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی اورہسپتالوں کی صورتحال کو بہتر بنانے کا بیڑا اٹھا لیا ہے۔ اس سفر میں کسی کو رخنہ نہیں ڈالنے دوں گا۔میں اس وقت مطمئن ہوںگا جب عوام ہسپتالوں میں طبی سہولتوں کی فراہمی پر اطمینان کا اظہار کریں گے۔عوام کو بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جو کچھ انسانی بس میں ہے کروں گا۔اللہ کیساتھ عوام کو بھی جوابدہ ہوں۔ جو کام نہیں کرے گا، وہ گھر جائے گا۔معاملات اب اس طرح نہیں چلیں گے، سب کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرنا ہوگا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی صورتحال میں بہتری لانے کے حوالے سے اپنی ہدایات پر عملدر آمد نہ کرنے اورفرائض کی انجام دہی پر کوتاہی برتنے پر ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال ننکانہ اورمتعلقہ افسروں کو فوری طورپر معطل کرنے کاحکم دیا۔وزیراعلیٰ نے ہسپتال کے سابق ایم ایس اورسابق ای ڈی او ہیلتھ کو بھی معطل کر کے ان کے خلا ف کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ہسپتال کی سیوریج سکیم میں تاخیری حربے استعمال کرنے پر متعلقہ ایس ای،ایکسین اورایس ڈی او کو بھی معطل کرنے کاحکم دیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پانچ ماہ کے دوران ہسپتال کے میرے دوسرے دورے کے باوجود میری ہدایات پر عملدرآمد نہ ہونا افسوسناک ہے۔ دکھی انسانیت کا درد نہ رکھنے والے افسرعہدوں کے لائق نہیں بلکہ سزا کے حقدار ہیں۔ کسی افسر کی غفلت یا کوتاہی کی سزاکسی غریب کو نہیں دی جاسکتی۔ مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی میں کوتاہی برتنے والوں کیلئے پنجاب میں کوئی جگہ نہیں۔انہوںنے کہاکہ ایم ایس ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرننکانہ اور دیگر افسروں کے خلاف محکمانہ کارروائی بھی عمل میں لائی جائے۔ کمشنرزاور ڈی سی اوز کو ہسپتالوں کے باقاعدگی سے دورے کرکے صورتحال کو بہتر بنانے کا پابند کیا جائے۔منتخب نمائندوں سے گفتگو میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں اتفاق، اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔ قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کرنے والے سیاسی عناصر کو اب ہوش کے ناخن لینے چاہئیں۔ یہ وقت ایک ہونے کا ہے اور اتحاد کی طاقت سے دشمن کے مذموم عزائم کو خاک میں ملانے کا ہے۔ اب قوم کو نفاق کی منفی سیاست کی نہیں بلکہ اتفاق کی ضرورت ہے۔ تمام اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے دشمن کو اتحاد اور اتفاق کا پیغام دینا ہے۔ شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس میں قدرتی آفات خصوصاً سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے ازالے کے لئے ڈیزاسسٹر انشورنس سکیم کے اجراء کے حوالے سے ابتدائی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سابق نگران وزیراعظم معین قریشی، رکن پنجاب اسمبلی فرحانہ افضل کے شوہر افضل لک کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

مزیدخبریں