ملتان (نمائندہ خصوصی) انجمن تاجران گلشن مارکیٹ الخدمت گروپ کے زیر اہتمام ضلعی انتظامیہ کی جانب سے گلشن مارکیٹ کی مین سڑک اور مدنی چوک پر فلائی اوور کی تعمیر میں تاخیری حربے استعمال کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی قیادت الخدمت گروپ کے صدر چودھری محمد الیاس، جنرل سیکرٹری چودھری محمد سلیم کمبوہ، صدر ٹریڈرز چیمبر خالد محمود قریشی نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں تاجروں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر چودھری محمد الیاس، چودھری محمد سلیم کمبوہ، خالد محمود قریشی نے کہا کہ گلشن مارکیٹ کی سڑک دو سال سے زیر تعمیر ہے جگہ جگہ واسا کے مین ہول کھلے پڑے ہیں۔ پانی کے جوہڑ موجود ہیں، مٹی دھول سے تاجر دمہ کے مریض بن رہے ہیں۔ کاروبار تباہ ہو چکے ہیں آئے روز حادثات ہو رہے ہیں۔ مدنی چوک پر ڈیڑھ سال سے فلائی اوور کی تعمیر کا وعدہ کیا جا رہا ہے۔ پانچ بار ڈی سی او آفس، میٹرو آفس میں نقشہ دکھا کر بریفنگ دی گئی لیکن تاحال فلائی اوور کی تعمیر شروع نہ ہو سکی۔ اگر گلشن مارکیٹ کی مین سڑک اور فلائی اوور کی تعمیر دو دن میں شروع نہ کی گئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھائیں گے۔ احتجاجی مظاہرہ میں کاشف چودھری، محمد یونس قریشی، سہیل قریشی، فضل حسین، نوید گڈو، اشفاق بھٹہ، حاجی عبدالرزاق، کریم نواز، مون قریشی، زاہد قریشی، رانا عبدالغفار، شہزاد عطاری شریک تھے۔