کراچی(اسٹاف رپورٹر) پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وسطی پنجاب، جنوبی پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوااور بلوچستان کے نو منتخب صوبائی اور کراچی کے ڈویزنل عہدیداروں کو مبارکباد دی ہے اور کارکنان کی جانب سے پارٹی کے لیے متحرک عہدیداروں کے چناﺅ میں اپنی قیمتی آراءدینے کو بھی سراہا ہے، اپنے مبارکباد کے پیغام میں پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میری نئی ٹیم نئی صدی میں ہماری پارٹی اور ملکی سیاست کے لیے مطلوب تبدیلی کی عکاس ہے،پارٹی کے تمام کارکنان نئی تنظیموں کی پیروی کریں گے اور پارٹی کے بنیادی مقاصد کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد کو مزید تیز کریں گے، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہماری تمام پارٹی ملک میں مثبت تبدیلی لانے کے لیے مل کر کام کرے گی اور جیالے اب گھروں میں رہنے کے بجائے میدان میں نظر آئیں گے اور یہ ثابت کرکے دکھائیں گے کہ بھٹو ازم ہی ملک کی تمام سیاسی، معاشرتی اور معاشی بیماریوں کا واحد حل ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پارٹی کارکنان کے ساتھ ساتھ ملک کے عوام کے لیے مزید خوشخبریاں بھی جلد آنے والی ہیں۔
جیالے اب میدان میں نظر آئینگے، خوشخبریاں ملنے والی ہیں:بلاول
Nov 24, 2016