استنبول(آئی این پی) سینٹ کی ڈیفنس کمیٹی کے چیئرمین اور سی پیک پارلیمنٹری کمیٹی کے سربراہ مشاہد حسین سید ایشیائی پارلیمانی اسمبلی کے نائب صدر منتخب ہوگئے جبکہ پاکستان اگلے دو سال کیلئے اے پی اے کا آئندہ صدر ہوگا، ایشیا کی 33 پارلیمنٹس کا ایشیا پارلیمانی اسمبلی (اے پی اے) کا سالانہ اجلا س استنبول میں ہوا جس میں مشاہد حسین سید نے پاکستانی پارلیمنٹ کی نمائندگی کی۔ اجلاس میں مشاہد حسین سید کو متفقہ طور پر اے پی اے کے سیاسی معاملات کمیٹی کا نائب صدر منتخب کر لیا گیا اور فیصلہ کیا گیا پاکستان اگلے دو سال کیلئے اے پی اے کاآئندہ صدر ہوگا۔ مشاہد حسین سید نے مزید کہا علامہ اقبال کی پیش گوئی کے مطابق اقتصادی اور سیاسی طاقت کا توازن مغرب سے مشرق کی طرف منتقل ہو رہا ہے اور چینی صدر شی جن پنگ کا بیلٹ اینڈ روڈ منصوبہ 21ویں صدی کا بہترین سفارتی اور ترقیاتی وژن ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہمارے عظیم شاعر علامہ اقبال نے 80سال قبل اپنی شاعری میں ایشیا کی دوبارہ بحالی اور چین کی بلندی کی پیش گوئی کی تھی۔ مشاہد حسین نے اے پی اے مینڈیٹ کے تحت سینٹ آف پاکستان کی طرف سے قائم کردہ ایشین پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کی۔ مشاہد حسین نے پاکستان کو ایک مضبوط اور لچکدار جموریت قرار دیتے ہوئے کہا پاکستان طویل عرصے سے سب سے زیادہ پناہ گزینوں کی میزبانی کررہا ہے اور اس نے دہشتگردی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے کے باوجود دہشتگردی کے خلاف سب سے طویل اور کامیاب جنگ لڑی اور اس نے اس جنگ میں سول اور فوجی 70ہزار جانوں کی قربانیاں دیں۔ مشاہد حسین نے ترک وزیراعظم بن علی یلدرم کے علاوہ ترکی، سعودی عرب، ایران اور افغانستان کے سپیکرز سے بھی ملاقاتیں کیںاور ان سب کو سپیکر قومی اسمبلی کی طرف سے 24اور 25دسمبر کو اسلام آباد میں دہشتگردی اور بین العلاقائی رابطوں کے حوالے سے سپیکرز کے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
مشاہد حسین