لاہور(آئی این پی)امریکہ کے شہر لاس ویگاس میں نیچرل مسٹر اولمپیا مقابلوں میں پاکستان کیلئے سلور میڈل جیتنے والے باڈی بلڈر نوید بٹ لاہور پہنچ گئے ۔پولیو سے متاثرہ باڈی بلڈر نوید بٹ نے لاس ویگاس میں فزیکلی چیلجنڈ کلاس میں سلور میڈل جیتا تھا۔نوید بٹ اس سے قبل تین مرتبہ گولڈ میڈل جیت چکے ہیں۔لاس ویگاس میں ہونے والے مقابلوں میں چالیس سے زائد ممالک کے باڈی بلڈرز نے حصہ لیا۔ نوید احمد بٹ جسمانی طورپر پولیو کا مریض ہے۔ ایئرپورٹ پہنچنے پر قومی ہیرو کا باڈی بلڈنگ ایسوسی ایشن اور رشتہ داروں کی جانب سے شاندار استقبال کیا گیا۔لاہور ایئر پورٹ پر نوید بٹ کا کہنا تھا کہ وہ نامساعد حالات میں ٹریننگ کر کے امریکہ گئے‘انہوں نے سفری اخراجات کیلئے ادھار رقم لی تھی۔انہوں نے کہاکہ چوتھی مرتبہ گولڈ میڈل جیتنے کی خواہش پوری نہ ہو سکی لیکن وہ سلور میڈل جیتنے پر بھی بہت خوش ہیں۔
نیچرل مسٹر اولمپیا مقابلے‘سلور میڈلسٹ نوید بٹ لاہور پہنچ گئے
Nov 24, 2017