ملتان (سپیشل رپورٹر) پیپلز لائر فورم پنجاب کے سابق نائب صدر ملک طارق سعید ، طارق خان ،محمد عمران انصاری اور خواجہ منور حسین صدیقی نے کہا ہے کہ ضلع کچہری کو ملتان شہر کی مرکزی جگہ کو تبدیل کرکے شہر سے باہر نکال کر دراصل انصاف اور قانون کو شہر سے بے دخل کر دیا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ضلع کچہری ملتان کا قومی ورثہ ہے اس کو شہر سے باہر نکالنا اور بلڈوز کرنا قومی ورثہ کو بلڈوز کرنے کے مترادف ہے جبکہ زندہ قومیں ہمیشہ اپنے قومی ورثہ کی حفاظت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اعلیٰ عدلیہ سے استدعا کرتے ہیں کہ وہ نیو کچہری کو دوبارہ اپنی اصل جگہ پر منتقل اور بحال کرے۔ لاہور میں کچہری اپنی جگہ پر موجود ہے اور وہاں پر مزید 4 کچہریاں بنا دی گئی ہیں۔ اس طرح ہمیں بھی اصل اور پرانی کچہری کو اپنی جگہ پر رہنا چاہئے اور نئی کچہری بھی بنا دی جائے۔