کراچی(صباح نیوز)ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن ڈاکٹراختر نذیر نے کہا ہے آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں لیکن الیکشن میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں کریں گے۔ کراچی میں الیکشن کمشن کے تحت منعقدہ میڈیا ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ووٹرز کیلئے 20 کروڑ بیلٹ پیپرز کی ضرورت ہوگی جن کی طباعت کیلئے ورک آرڈر تیار کرلیا گیا ہے۔ بیلٹ پیپرز کی طباعت سخت سکیورٹی میں ہوگی۔انہوں نے کہا عام انتخابات کیلئے 85 ہزار 744 پولنگ سٹیشنز اور 2 لاکھ 68 ہزار 286 پولنگ بوتھ قائم کئے جائیں گے، ریٹرنگ افسر کو الیکشن کی رات 2 بجے تک نتیجہ لازمی دینا ہوگا، کسی حلقے میں خواتین کے ووٹ کا تناسب 10 فیصد سے کم ہوا تو نتیجہ کالعدم قرار دیدیا جائیگا اور متعلقہ پولنگ سٹیشن یا حلقے میں پولنگ دوبارہ کرائی جائیگی اور کسی نے خواتین کو حق رائے دہی سے روکنے کی کوشش کی تو اسے 3 سال قید کے ساتھ ایک لاکھ روپے جرمانہ ادا کرنا ہوگا، نئے قانون کے تحت الیکشن ایکٹ 2017 میں یہ قانون شامل ہے اور الیکشن کمیشن نے اس ایکٹ کو منظور کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبائی یا قومی اسمبلی کے حلقے میں 2 امیدواروں کے ووٹ برابر ہوگئے تو دونوں امیدوار ڈھائی ڈھائی سال کیلئے رکن اسمبلی ہوں گے، الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت دونوں امیدوار باہمی رضامندی سے پہلے یا بعد میں رکن اسمبلی بننے کا تعین کریں گے۔
تیاریاں مکمل، انتخابات میں الیکٹرانک مشین استعمال نہیں کرینگے:ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمشن
Nov 24, 2017