بعض عناصر ملک کو تصادم کی طرف لے جا رہے ہیں : آرمی چیف‘ 11 دہشت گردوں کو سزائے موت کی توثیق کر دی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بعض عناصر دانستہ اور غیر دانستہ طور پر ملک کو واپس تصادم کی طرف لے جا نے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایسی کوششیں، مذہب، لسانیت یا جس بھی بنیاد پر ہوں ریاست اس کی اجازت نہیں دے گی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جمعہ کے روز ملتان گیریژن میں افسروں اور جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی، شرپسند عناصر اور غیرملکی دشمن قوتوں سے نبرد آزما ہیں، شدت پسندی اور دہشت گردی کی بنیادی وجوہات ختم کرنے کی ضرورت ہے۔ نیشنل ایکشن پلان کے دائرہ میں رہ کر سماجی اور اقتصادی ترقی کی کوششوں کی حمایت کریں گے۔ امن، ترقی اور استحکام قانون کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔ ملتان گیریژن کے دورے کے دوران آرمی چیف نے مختلف تربیتی مشقوں کا معائنہ بھی کیا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے 11 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کی سزائے موت کی توثیق کردی۔ سزائے موت پانے والے دہشت گرد مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں، معصوم شہریوں کے قتل اور تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے، مسلح افواج کے 25 اہلکار اور ایک شہری کے قتل اور 22 افراد کو زخمی کرنے میں بھی ملوث تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا جبکہ 22 مجرموں کو عمر قید کی بھی سزا سنائی گئی ہے۔
آرمی چیف

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...