ہنگو (نامہ نگار+نیوز ایجنسیاں ) لوئر اورکزئی کے علاقے کلایا بازار میں خودکش دھماکے کے نتیجے میں 35 افراد شہید اور 55 افراد زخمی ہو گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق لوئر اورکزئی کے علاقے کلایا بازار کے منڈی بازار میں مقامی مدرسے کے گیٹ کے سامنے زور دار دھماکہ ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔ سکیورٹی ذرائع نے دھماکے کے نتیجے میں 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے۔ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی گئی، جنہیں طبی امداد کے لیے کوہاٹ اور پشاور کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے سرچ آپریشن شروع کردیا۔ دھماکے سے متعدد گاڑیاں تباہ ہو گئیں جبکہ کئی عمارتوں کو بھی نقصان پہنچا۔ صدر‘ وزیراعظم اور دیگر نے واقعہ کی شدید مذمت کی ہے۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن کے مطابق موٹرسائیکل سوار خودکش حملہ آور نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا اور اس کے نتیجے میں 35 افراد جاں بحق جبکہ 55 زخمی ہوئے۔ کمشنر کوہاٹ نے بتایا کہ دھماکے میں تین بچے اور تین سکھ تاجر بھی مارے گئے۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے میں 8 کلو گرام کے قریب دھماکہ خیز مواد استعمال کیا گیا۔
خودکش دھماکہ