اسلام آباد+ کراچی + بیجنگ (سپیشل رپورٹ + ایجنسیاں+ سٹاف رپورٹر) چینی وزرات خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان سے تعلق کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہوگی۔ چین کی وزرات خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ کی جانب سے کراچی میں قائم چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے اور پاکستان کو اس حملے کے خلاف سخت اقدامات اٹھاتے ہوئے چینی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے پر زور دیا گیا۔ چینی وزارت خارجہ کی جانب سے چینی قونصل خانے پر ہونے والے دہشتگرد حملے کے خلاف پاکستان پولیس اور آرمی کی جانب سے کی جانے والی بروقت کارروائی کی تعریف کی گئی اور دہشتگردانہ منصوبے کو ناکام بنانے پر پولیس وآرمی کے اقدامات کو سراہتے ہوئے آپریشن کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا گیا۔چینی وزرات خارجہ کے ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران کہا کہ دہشتگرد حملہ پاک چین تعلقات اور سی پیک پر بالکل بھی اثرانداز نہیں ہوگا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات پہلے کی طرح برقرار رہیں گے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان جینگ شوانگ نے پریس بریفنگ کے دوران بتایا، حملے میں کوئی چینی شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔بیان میں کہا گیا کہ حملے میں دو پاکستانی پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہیں ¾ہمیں یقین ہے کہ پاکستان اپنے ملک میں موجود چینی اداروں اور حکام کی حفاظت یقینی بنائےگا۔دوسری جانب چینی سفارتخانے کی جانب سے کی گئی ٹوئٹ میں بھی دہشتگرد حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان اور چین کے تعلق کو کمزور کرنے کی ہر کوشش ناکام ہو گی۔ پاکستان میں ایک چینی سفارت کار نے نوائے وقت کو بتایا کہ چینی میڈیا گزشتہ روز کراچی میں ہونے والے ناخوشگوار واقع کی رپورٹنگ سے بھر گیا۔ چینی سفارت کار نے بتایا کہ چینی عوام قونصلیٹ پر حملہ میں جاں بحق ہونے والے پولیس اہلکاروں کی بہادری کو خراج تحسین پیش کررہے ہیں۔ سفارت کار کے مطابق خاص طور پر کراچی کی خاتون پولیس آفیسر سہائی عزیز کی بہادری کے چینی میڈیا بھی چرچے ہیں۔ سفارت کار نے کہاکہ کوئی بھی طاقت پاک چین دوستی کو نقصان نہیں پہنچا سکتی۔ سی پیک منصوبہ ہر صورت میں پایہ تکمیل کو پہنچے گا اور اس کے بدخواہوں کے عزائم ناکام ہوں گے۔ سیاسی رہنماﺅں نے کراچی میں چینی قونصل خانے پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ مسلم لیگ (ن) سندھ کے صدر شاہ محمد شاہ اورمرکزی رہنما سنیٹرسلیم ضیا نے کہا ہے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ دشمن کی آنکھوں میں کھٹک رہا ہے۔ حملے کو ناکام بنانے کے دوران جام شہادت نوش کرنے والے پولیس کے جوانوں کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے سربراہ پاکستان سنی تحریک ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ چینی قونصلیٹ پر دہشتگردوں کا حملہ بزدلانہ کارروائی ہے، دہشت گرد کسی بھی قسم کے رحم کے قابل نہیں ہیں انسانیت اور ملک کے دشمنوں کو پوری طاقت سے کچلنا ہوگا۔ سینئر سیاستدان اور مسلم لیگ کے سابق سیکرٹری جنرل سید ضیاعباس نے کراچی میں چینی قونصل خانے پرحملے اور لوئراورکزئی کے کلایا بازار میں دھماکے کی شدید مذمت کی اور کہا ہے کہ ممبئی حملوں کے اصل کردار اجمل قصاب کے بھارتی شہری نکلنے کے بعد بھارت شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے وزیراعظم عمران خان کے حالیہ دورہ چین کے دوران چین اور پاکستان کے درمیان ہونے والے معاہدے اور شراکت داری بھی بھارت کے لئے پریشان کن ہے۔ چین کے ڈپٹی ایمبیسیڈر اور سی پیک نائب ہیڈلی جان ژاو¿ نے چین کے قونصلیٹ پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہاہے اس طرح بزدلانہ حملے پاک چین دوستی کو کمزور نہیں کرسکتے، دوستی مزید مضبوط ہوگی، پاکستان آرمی، رینجرز اور سندھ پولیس نے بہادری کا مظاہرہ کرکے دہشتگردوں کے حملے کو ناکام کیاجبکہ سینیٹر رحمان ملک نے کہاکہ کراچی میں دہشت گرد حملہ چینی قونصلیٹ پر نہیں بلکہ پاک چین دوستی اور دونوں ملکوں پر حملہ ہے۔
سفارتکار/سیاسی رہنما