سرگودھا، ساہیوال، گوجرانوالہ (نامہ نگاران، نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ بار ساہیوال کے وکلاء نے ساہیوال میں ہائیکورٹ بنچ کے قیام کے لئے دسویں روز بھی ہڑتال جاری رکھی اور بار ایسوسی ایشن نے عدالتوں کی تالہ بندی کی ۔ہڑتال اور تالہ بندی کے باعث دور دراز سے تاریخ پر آنے والے سائلین کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا اور وہ آئندہ تاریخ پیشی لیکر گھروں کو واپس چلے گئے۔ ساہیوال بار کے صدر چوہدری محمدانور ودیگر عہدیداران نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ ساہیوال میں فوری طور پر ہائیکورٹ بنچ کے قیام کو یقینی بنایاجائے بصورت دیگر وکلاء ہڑتالی سلسلہ جاری رکھیں گے ۔ گوجرانوالہ میں بھی وکلا ء کی جا نب سے ہائیکورٹ کے علا قائی بنچ پر عملدرآمد کیلئے تالہ بندی اور احتجاج دسویں روز بھی جاری رہا،صدر بارکی قیادت میں گورنر پنجاب سے ملاقات کے لئے وفد کی لاہور روانگی سے مذاکرات کی کا میا بی کیلئے دعا بھی کی گئی ہا ئیکورٹ کے علا قائی بنچ پر عملدرآمد کیلئے وکلاء کی جا نب سے سیشن کورٹ اور ضلع کچہری کی تالہ بندی بدستور جا ری ہے سرگودھا میں بھی وکلاء کی جانب سے ہڑتال کا سلسلہ جاری رہا ۔
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب بار کونسل نے علاقائی بنچز تشکیل دینے سے متعلق احتجاج کرنے والے وکلاء کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے صوبے بھر میں آج 24نومبر کو مکمل عدالتی بائیکاٹ کی کال دے دی۔ علاقائی بنچز کی تشکیل کے معاملے پر پنجاب بار کونسل نے احتجاج کرنے والے وکلاء کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ پنجاب بار کونسل کے مطابق علاقائی بنچز کی تشکیل وکلاء کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے جس پر پنجاب بار کونسل احتجاج کرنے والے وکلاء کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور اس مطالبے پر پنجاب بار کونسل ہر فورم پر احتجاج کر ے گی۔ وکلاء نے گوجرنوالہ ساہیوال ڈیری غازیخان،سرگودھا اور فیصل آباد میں ہائیکورٹ کے بنچز تشکیل دینے کے معاملے پر احتجاجی مہم شروع کر رکھی ہے جس کے لیے لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں بھی بھرپور احتجاج کیا گیا تھا۔