لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ورلڈ کپ میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل قومی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ڈیلی اولاونس سمیت بقایاجات ادا کر دیئے ہیں۔ ہر کھلاڑی کو فی کس ساڑھے 7 لاکھ روپے مل گئے۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے سندھ حکومت کی طرف سے ملنے والی گرانٹ کھلاڑیوں میں تقسیم کر دی گئی ہے۔ پی ایچ کی جانب سے گزشتہ کئی ماہ سے کوشش جاری تھی کہ کھلاڑیوں کو ڈیلیز ادا کی جاسکیں مگر ایسا نہ ہوسکا تاہم اب ورلڈ کپ روانگی سے ایک دن قبل سندھ حکومت نے پی ایچ ایف کو دس کروڑ روپے کی گرانٹ جاری کی جس سے فیڈریشن اور کھلاڑیوں نے سکھ کا سانس لیا۔ فیڈریشن کی جانب سے کامن ویلتھ گیمز کے 50 لاکھ روپے بھی کھلاڑیوں میں تقسیم کیے گئے جبکہ ایشین چیمپئنز ٹرافی، ورلڈ کپ کے کیمپس کے ڈیلی الاؤنس کی رقم بھی نرانفسر کر دی گئی ہے۔
پی ایچ ایف نے کھلاڑیوں کے بقایا جات ادا کر دیئے
Nov 24, 2018