لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس +لیڈی رپورٹر) ٹیسٹ کرکٹر مشتاق احمد نے کہا کہ نوجوان پاکستان کا مستقبل ہیں جنہیں ہر شعبہ میں ترقی کیلئے علم سے بھرپورہونا چاہیے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈفنانس کی کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کے زیر اہتمام منعقدہ خصوصی تقریب میں کیا۔ اس موقع پر کالج پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان، فیکلٹی ممبران اور طلبائو طالبات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اپنے خطاب میں مشتاق احمد نے مذہب کے روحانی و اخلاقی فوائد بیا ن کرتے ہوئے کہا کہ مسلم امہ کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے کیلئے نوجوانوں کو پیارمحبت، احترام اور بھائی چارے کی فضا کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے نوجوانوں پرزور دیا کہ وہ معاشرے اور انسانیت کی فلاح کیلئے ایسے اقدامات کریں جس سے ر حم دلی کو فروغ ملے۔ ایسی کاوشوں سے ہی علم ، انصاف اور ایثار پر مبنی مثالی معاشرہ قائم ہوگا۔ اپنے خطاب میں پروفیسر ڈاکٹر مبشر منور خان نے نوجوانوں کو انسانیت کی بھلائی کی جانب راغب کرنے کیلئے اقدامات پر مشتاق احمد اور ان کے ساتھیوں کی تعریف کی۔ انہوں نے بہترین تقریب کے انعقاد پر کریکٹر بلڈنگ سوسائٹی کی انچارج مسز تحریم ساجد اور ان کی ٹیم کی کاشوں کو سراہا۔