غلطیوں پر قابو پائیں گے ، شاہین کو آزما سکتے ہیں :سرفرازاحمد

لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس) پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ آج سے دبئی میں شروع ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دن گیارہ بجے شروع ہوگا۔ نیوزی لینڈ کو سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے ۔ نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں شاہین شاہ آفریدی کا ڈیبیو متوقع ہے۔دبئی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پیسر کو شامل کرنے کا عندیہ دیا، انہوں نے کہا کہ شاہین آفریدی نے انگلینڈ لائنز کے خلاف میچ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا، ابوظہبی ٹیسٹ کی پلیئنگ الیون برقرار رکھیں گے لیکن پچ کی کنڈیشن کو دیکھتے ہوئے نوجوان پیسر کو صلاحیتوں کے اظہار کا موقع دے سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں سرفراز احمد نے کہا کہ پہلا ٹیسٹ جیتنے کی پوزیشن میں تھے لیکن چند غلطیوں کی وجہ سے ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا، جو کچھ ابوظہبی میں ہوا پیچھے چھوڑ کر آئے ہیں، وہاں ٹیم میٹنگ میں ہی یہ ارادہ کیا تھا کہ اگلے میچز میں اپنی خامیوں پر قابو پاتے ہوئے سیریز میں واپس آئیں گے۔قومی ٹیم کے کپتان نے کہا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک خراب سیشن کا کھیل بازی پلٹ دیتا ہے، ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہم سے کئی غلطیاں ہوئیں، ان مسائل پر قابو پانے کے لئے محنت کر رہے ہیں۔بلے باز لمبی اننگز نہیں کھیل رہے جس کی وجہ سے نقصان ہورہا ہے ۔ سیریز میں واپسی کیلئے بلے بازوں کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ نیوزی لینڈ کے مایہ ناز لیفٹ آرم سپنر اعجاز پٹیل نے کہا ہے کہ پاکستان کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں بھی اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کروں گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان ٹیم کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی کارکردگی سے مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ آئندہ میچوں میں بھی گرین شرٹس کے خلاف عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتوحات میں اہم کردار ادا کرینگے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹیم کا مورال بلند ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں پوری قوت کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی اس وقت تمام تر توجہ پاکستان کے خلاف ٹیسٹ سیریز پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کو خبردار کیا ہے کہ پاکستان کے خلاف سیریز کا دوسرا میچ بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس میں کامیابی کیلئے ٹیم کے ہر کھلاڑی کو کھیل کے تینوں شعبوں میں سو فیصد کارکردگی دکھانا ہو گی۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کو پاکستان کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...