لاہور+گجرات (سپورٹس رپورٹر+نامہ نگار) پاکستان کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام گجرات میں جاری چوہدری ظہور الہی شہید گولڈ کپ کبڈی ٹورنامنٹ کا کوارٹر فائنل مرحلہ مکمل ہو گیا۔ پی اے ایف، واپڈا، ایس این جی پی ایل اور آرمی کی ٹیموں نے اپنی حریف ٹیموں کو شکست دیکر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔ ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز بھی چار کوارٹر فائنل سمیت مجموعی طور پر 8 میچز کھیلے گئے۔ پہلے کوارٹر فائنل میں پی اے ایف نے پنجاب ٹیم کو 30 کے مقابلے 56 پوائنٹس سے شکست دی۔ دوسرے میچ میں واپڈا نے ریلویز کو 35-11 سے زیر کیا۔ تیسرے میچ میں ایس این جی پی ایل نے ایچ ای سی کو 43-18 سے شکست دی۔ چوتھے کوارٹر فائنل میں آرمی نے پولیس کو 29 کے مقابلے 40 پوائنٹس سے ہرایا۔ جمعہ کے روز ہونے والے مقابلوں میں ڈی پی او گجرات سید علی محسن اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ملک غضنفر علی اعوان مہمان خصوصی تھے۔