لاہور( نمائندہ خصوصی)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کیپٹن (ر) عارف نواز خان نے صوبے بھر میں کرائم کنٹرول کرنے کیلئے پولیس ٹیموں کے اقدامات کوخود مانیٹر کرنے کیلئے صوبہ کے تمام ریجنز کے دوروں کا آغاز کر دیا ہے اور اس سلسلے میں آج بروز اتوار آئی جی پنجاب ڈیرہ غازی خان ریجن پہنچیں گے جس کے بعد وہ سہ پہر میں ملتان ریجن کے اضلاع کا دورہ بھی کریں گے۔ آئی جی پنجاب نے صوبے بھر میں کرائم کنٹرول کی صورت حال کو خود مانیٹر کرنے اور موقع پر ہدایات جاری کرنے کے لئے صوبے بھر کے دوروں کا شیڈول ترتیب دے دیا ہے اور وہ دو ہفتے میں صوبے کے تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز سے ان کے ریجنز میں ملاقات کریں گے۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نہ صرف پولیس فورس کی ویلفیئر کے لئے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیں گے بلکہ ہر ریجنز کی کرائم میٹنگ کی صدارت کرتے ہوئے کرائم کنٹرول کی صورت حال چیک کرنے کے ساتھ ساتھ افسران کو ہدایات بھی جاری کریں گے۔ آئی جی پنجاب اپنے دوروں کے دوران پولیس فورس کے مسائل سنیں گے اور ان کے حل کے لئے مناسب اقدامات کی ہدایت بھی جاری کریں گے۔