لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدارکی خصوصی ہدایت پر32 ماڈل بازاروں کے بعد صوبے کے مختلف شہروں کی31 سبزی منڈیوں میں بھی کسان پلیٹ فارم قائم کردیئے گئے ہیں ۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کے لئے جو کچھ ممکن ہوا وہ کرتی رہے گی۔ کاشتکاروں کومنڈیوں میں اپنی اجناس براہ راست فروخت کرنے کیلئے مفت جگہ دی گئی ہے - کسان پلیٹ فارم ہماری حکومت کا ایسا اقدام ہے جس سے عوام کو سستے داموں سبزیاں مل رہی ہیں ۔ عوام کے حقوق کا ہر قیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے۔سبزیوں، پھلوں اور دالوں کی قیمتوں میں مصنوعی اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گااورجہاں شکایت ملی وہاں پر بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ2019ء کی پنجاب اسمبلی سے منظوری ایک تاریخی اقدام ہے ۔ پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ ایکٹ پر عملدر آمد سے صنعتی کارکنوں کی حالت زارمیںنمایاں بہتری آئے گی۔ آئندہ سے پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کی مد میں محصولات کی وصولی پنجاب حکومت کی ذمہ داری ہوگی۔ ورکرز ویلفیئر فنڈ کی وصولی صوبائی سطح پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کرے گی- وزیراعلیٰ نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے افسوسناک واقعہ کی شدید مذمت کی ہے ۔وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ ایسی اشتعال انگیز کارروائی سے صرف نفرت اورانتہاء پسندی جنم لیتی ہے۔ انہوں نے الیاس کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔ وزیراعلیٰ نے لودھراں کے علاقے میں اغوا کے بعد 7سالہ بچے کے قتل کے واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے آ رپی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔ عثمان بزدارنے شہید پائلٹ مریم مختیار کی چوتھی برسی کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ شہید پائلٹ مریم مختیار کی حب الوطنی ،بہادری ،حوصلہ اور ثابت قدمی پوری قوم کیلئے ایک مثال ہے۔ وزیراعلیٰ نے پاکستانی باکسر محمد وسیم کو ورلڈ رینکنگ فائٹ کا مقابلہ جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔ عثمان بزدارنے دیر بالامیںدریامیںکار گر نے سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پردکھ اور افسوس کا اظہارکیا ہے ۔
31 سبزی منڈیوں میں بھی کسان پلیٹ فارم قائم، عوام کو ریلیف ملے گا: عثمان بزدار
Nov 24, 2019