قران پاک کی بے حرمتی، ناروے ذمہ دار کٹہرے میں لائے: پاکستان

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + نیوز رپورٹر + خصوصی نمائندہ) پاکستان نے قرآن پاک کی بے حرمتی پر ناروے سے شدید احتجاج کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ناروے کے سفیر کی دفتر خارجہ میں طلبی کی گئی ہے اور ناروے میں قرآن پاک کی توہین کے واقعہ پر غم و غصے کا اظہار کیا گیا۔ ناروے کے سفیر کو پاکستانی عوام کے شدید تحفظات سے آگاہ کیا گیا۔ قرآن پاک کی بے حرمتی سے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔ آزادی اظہار کے نام پر ایسے اقدامات کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ پاکستان نے ناروے حکومت سے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔ سفیر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ شدت پسندی کا سدباب عالمی ذمہ داری ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر فواد چودھری نے اپنے پیغام میں ناروے میں پیش آئے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ناروے کے شدت پسند گروہ کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ شدت پسند ہر معاشرے میں ناسور ہیں۔ ناروے پولیس مسلمانوں کے بجائے شدت پسند گروہوں کے خلاف کارروائی کرے۔ جے یو آئی (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ناروے میں قرآن کریم کے بے حرمتی کے واقعہ پر انتہائی افسوس کا اظہارکرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے اور ان کے دینی اور روحانی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی، اسطرح کے واقعات تصادم اور انتشار اور عالمی امن کیلئے خطرہ کا باعث سمجھتے ہیں۔ ایک بیان میں مولانا فضل الرحمن نے کہاکہ یورپ کو اس شرمناک واقعہ پر مسلمانوں سے معافی مانگنی چاہئے، اس افسوس ناک واقعہ سے یورپ کا مکرو چہرہ سامنے آرہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پوپ اس وقت کیا سو رہے ہیں جو خود کو امن کا علمبردارکہتے ہیں۔ آپ ہمیں دہشتگرد کہیں یا جو مرضی مگر قرآن پاک کی بے عزتی قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہاکہ جس نوجوان نے قرآن پاک کا دفاع کیا ہے اسکو پوری امت مسلمہ کا سلام۔ انہوں نے کہاکہ ایسے واقعات سے ظاہر ہوتا ہے کہ اصل دہشتگرد کون ہیں، ایسے واقعات کسی جگہ پر یا کسی بھی وقت ہو قابل برداشت نہیں۔ این این آئی کے مطابق وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے کہا ہے کہ ناروے میں قرآن کریم کی بے حرمتی کا واقعہ انتہائی افسوس ناک، آزادی اظہار کے نام پر مذاہب اور مقدسات کی بے حرمتی قابل مذمت ہے، مذہب اسلام کے تمسخر یا قرآن کریم کی توہین ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایک ارب سے زیادہ مسلمانوں کی توہین ہوئی ہے اور ان کے دینی اور روحانی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بحیثیت مسلمان تمام مذاہب کے احترام پر یقین رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اللہ تعالی کے طرف سے اپنے حبیب صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل وحی اور رہتی دنیا تک صحیفہ رشد و ہدایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات تصادم اور انتشار اور عالمی امن کیلئے خطرہ کا باعث سمجھتے ہیں۔ مغرب اور یورپ کو ایسے شرمناک واقعات پر قابو پانا چاہئے اور مسلمانوں سے معافی مانگنی چاہئے۔
راولپنڈی(اے این این ) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے والے نوجوان الیاس عمر کو سلام پیش کیا ہے۔ناروے میں ایک اسلام مخالف تنظیم سے تعلق رکھنے والے شخص نے کرستیان ساند شہر کے پر رونق علاقے میں پہلے ایک مجمع لگایا اور پھر لوگوں کے سامنے قرآن کریم کو نذر آتش کر کے مسلمانوں کے جذبات کو مجروح کیا۔مسلمانوں کی مقدس کتاب قرآن کریم کو آتشزدگی سے بچانے کے لیے نوجوان غازی اسلام الیاس تیزی سے آگے بڑھا اور اسلام مخالف شخص کو قرآن پاک کی بے حرمتی سے روکا۔نوجوان نے اسلام مخالف شخص کو روکنے کوشش کی تو پولیس اس لڑکے کو روکنے اور اس ملعون کو لڑکے سے بچانے کے لیے حرکت میں آئی۔اس حوالے سے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ پر ایک ٹوئٹ کیا۔ڈی جی آئی ایس پی آر نے اپنے ٹوئٹ میں قرآن پاک کی بے حرمتی روکنے والے الیاس عمر کی بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں سلام پیش کیا۔میجر جنرل آصف غفور نے لکھا کہ ایسی اسلامو فوبیا پر مبنی اشتعال انگیزی صرف نفرت اور انتہا پسندی کو فروغ دیتی ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ تمام مذاہب قابلِ عزت ہیں، اس طرح کی حرکت عالمی امن اور ہم آہنگی کے لیے خطرہ ہے۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...