شیخوپورہ (نمائندہ خصوصی +نمائندہ نوائے وقت) مسلم لیگ ن کے مرکزی نائب صدر و قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئرمین میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ عمران خان خود نواز شریف کی بیماری پر سیاست کر رہے ہیں ان کے تضحیک آمیز بیان سے عوام کو ٹھیس پہنچی ہے عمران خان جب بیمار ہوئے تھے تو نواز شریف نے خود جا کر ان کی مزاج پرسی کی تھی ان خیالات کا اظہار انہوں نے پارٹی عہدیداروں اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ عمران خان کے غرور و تکبر کی وجہ سے ملک میں نحوست چھائی ہوئی ہیں ہر طبقہ پریشان ہے مہنگائی بیروز گاری کے باعث عوام سخت پریشان ہے عمران خان عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے کرپشن کرپشن کا راگ الاپ رہے ہیں جب کہ پی ٹی آئی خود فارن فنڈنگ کیس میں مجرم ثابت ہونے والی ہیں پی ٹی آئی 5سال سے اس کیس کو دبانے کی کوشش کر رہی ہیں مگر اب دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوگا انہوں نے کہاکہ عمران خان نے قوم کیساتھ بہت بڑا دھوکا کیا ہے تبدیلی کے نام پر عوام کے مقدر میں نا اہلی آئی ہے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے ہمیشہ عوام کی خدمت کی سیاست کی ہے گزشتہ 5 سالوں میں بجلی کے بحران پر قابو پانے کیلئے بجلی کے نئے کارخانے لگائے گئے موٹروے بنائی گئی میٹرو بس چلائی گئی عوام کو مہنگائی سے بچانے کیلئے سبسڈیز دی گئی ۔