فیٹف سفارشات، دہشت گردوں کی مالی معاونت پر کارروائیاں، 10 ملزم گرفتار

Nov 24, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ)کراچی میں کاؤنٹرٹیرر ازم ڈیپارٹمنٹ نے دہشت گردی کی مالی معاونت (ٹیرر فنانسنگ) کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے متعدد ملزمان گرفتارکرلیے۔کراچی میں حساس اداروں کی اطلاع پر سی ٹی ڈی نے ٹیرر فناسنگ کے خلاف مختلف علاقوں میں کارروائیاں کیں، اس دوران کالعدم تنظیموں کے خلاف 7 مقدمات درج کرلیے۔مقدمات درج کیے جانے کے بعد 8سے 10 ملزمان کو بھی گرفتارکرلیاگیا ہے،گرفتار ملزمان کالعدم تنظیموں کے نام سے رقم اکٹھاکر رہے تھے اور یہ رقم مبینہ طور پر دہشت گردی کیلئے استعمال کی جاسکتی تھی۔ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق یہ کارروائیاں کورنگی، بن قاسم، دہلی مرکنٹائل سوسائٹی ، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤن، قائدآباد اور ناظم آباد میں کی گئیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ٹیرر فنانسنگ کے خلاف کارروائیاں فنانشل ایکشن ٹاسک فورس (ایف اے ٹی ایف) یا فیٹف کی سفارشات کی روشنی میں کی جا رہی ہیں۔

مزیدخبریں