گلگت بلتستان (نوائے وقت رپورٹ) گلگت بلتستان اسمبلی کی جنرل نشستوں پر ممبران کے چنائو کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد اسمبلی میں ٹیکنوکریٹ اور خواتین کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے۔ الیکشن ایکٹ کے تحت اس بار جنرل نشستوں پر انتخابات سے قبل ہی تمام جماعتوں نے مخصوص نشستوں کیلئے اپنے امیدواروں کی ترجیحی فہرستیں الیکشن کمیشن کو جمع کرا رکھی ہیں۔ ٹیکنوکریٹ و خواتین کی مخصوص نشستوں پر امیدواروں کے چنائو کیلئے الیکشن ایکٹ میں فارمولا طے ہے۔ ایکٹ میں طے شدہ فارمولے کے تحت خواتین کی ایک نشست کیلئے 4 ممبران کے ووٹ درکار ہوں گے جبکہ ٹیکنوکریٹ کی ایک نشست کیلئے 8 ممبران کے ووٹ درکار ہوں گے۔ اسمبلی میں پارٹی پوزیشن کے مطابق پی ٹی آئی کی حصے میں 4 خواتین اور 2 ٹیکنوکریٹ کی نشستیں آنے کا امکان ہے۔ جبکہ پیپلز پارٹی کو 2 مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔