لاہور (نیوز رپورٹر) گورنر ہاؤس لاہور میں کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے شرکت کی۔ کانفرنس کے شرکاء سے خطاب میں فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیر سے ہر پاکستانی کا روح کا رشتہ قائم ہے۔ کشمیر کے بغیر پاکستان کا اپنا وجود، شناخت اور وقار ادھورا ہے۔ کشمیر کا تعلق کسی حکومت یا سیاست کے ساتھ نہیں جوڑا جا سکتا یہ پاکستان کی دھرتی کے ساتھ جڑا خواب ہے۔ کوئی پاکستانی کشمیر کو پاکستان کے ساتھ جوڑے بغیر سکون سے نہیں بیٹھ سکتا۔ وزیراعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر پر تمام سیاسی جماعتوں کو یکجا کیا اور پارلیمنٹ سے کشمیر کے حق میں آواز بلند کی گئی۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہمارے سیاسی ایجنڈے مختلف ہو سکتے ہیں لیکن سب کی سیاسی منزل کشمیر کو جوڑنا ہے۔ پاکستان ہر فورم پر کشمیر کے لیے آواز اٹھاتا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے دنیا کے سامنے حریت پسند کشمیریوں کی ترجمانی کی۔ بھارت نے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دہشت گردی سے جوڑا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ بھارت کشمیر پر بدترین ظلم کر رہا ہے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن سمیت ہر پاکستانی مسئلہ کشمیر کے معاملے پر متحد ہے ' کشمیر آج بھی پاکستان کی شہ رگ ہے اسکی آزادی کیلئے22کروڑ پاکستانی اپنی جانوں کے نذرانہ پیش کر نے کوتیار ہیں۔ نر یندر مودی دنیا کا سب سے بڑا انسانیت کا قاتل اور دہشت گرد ہے۔ وزیر اعظم عمران خان حقیقی معنوں میں کشمیریوں کے تر جمان بن کر دنیا میں انکا مقدمہ لڑ رہے ہیں۔ صوبائی وزیر انر جی ڈاکٹر اختر ملک 'ایم پی اے مسرت جمشید چیمہ 'کشمیر ی لیڈر کنول حیات 'ایم پی اے سردار مہندر پال سنگھ 'مفتی عبد القوی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ صوبائی وزیر انرجی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ بھارت کشمیریوں پر جتنے مظالم کر رہا ہے اس کی ہٹلر کے دور میں بھی کوئی مثال نہیں ملتی وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے خاموش تماشائی بننے کی بجائے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کر ے۔