لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور میںگزشتہ روز سبزیوں میں سب سے مہنگی سبزی ادرک رہی۔ جس کی پرچون میں قیمت 700 روپے سے 800 روپے تک پہنچ گئی جبکہ سرکاری نرخ کے مطابق پرچون میں ادرک کی فی کلو قیمت530 روپے فی کلو سے 540 روپے فی کلو تھی۔ دریں اثنا 16 کلو کے کنستر کی قیمت میں 50 روپے کا اضافہ ہوا۔ گھی کے 16 کلو کے کنستر کے درجہ سوم کی قیمت 3350روپے سے بڑھ کر 3400 اور درجہ اول کی قیمت 3700 روپے سے بڑھ کر 3750 روپے ہو گئی۔ جبکہ ملکی شوگر ملوں کی تیار کردہ چینی کی قیمت تھوک مارکیٹ میں 93 سے 96 روپے فی کلو رہی۔ دریں اثناء صوبائی دارالحکومت میںپرچون سطح پر مختلف برانڈکے آئل اور گھی کی قیمتوںمیں10سے30روپے تک اضافہ ہوگیا ہے۔ گھی کے مختلف برانڈ کی قیمت میں فی کلو 10سے 15روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد نئی قیمت 200 سے بڑھ کر 230 اور 225 سے بڑھ کر 240 روپے ہوگئی۔ مختلف برانڈ کے آئل کی قیمت 10سے 20روپے اضافے کے بعد 230 سے 240 اور 210 سے بڑھ کر 230 روپے ہو گئی ہے جبکہ ایک معروف برانڈ کے آئل کی قیمت میں آئندہ چند روز میں 15روپے تک فی لیٹر تک اضافے کا امکان ہے۔