اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیربرائے خزانہ و محصولات ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ نے صوبائی حکومتوں اور تمام متعلقہ حکام کو مہنگائی کے تدارک کیلئے فوری طور پر فعال اور موثر اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی ہے۔ انہوں نے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں کو ہول سیل اور ریٹیل کی سطح پر منافع کی شرح میں کمی لانے اور اشیاء ضروریہ کو معقول نرخوں پر عام آدمی تک فراہم کرنے کے عمل کی مکمل قریبی نگرانی کی ہدایت بھی کی ہے۔ انہوں نے یہ بات نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کے صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی وزیرصنعت و پیداوار حماد اظہر، وزیراعظم کے مشیربرائے تجارت عبدالرزاق دائود، معاون خصوصی برائے محصولات ڈاکٹر وقار مسعود، سیکرٹری خزانہ نے بالمشافہ جبکہ صوبائی چیف سیکرٹریز نے ویڈیولنک کے ذریعہ شرکت کی۔ اجلاس میں آٹا، گندم، چینی، ٹماٹر، پیاز، بناسپتی گھی، آلو، چکن اور دیگر ضروری اشیاء کی قیمتوں کا ہفتہ واری بنیاد پر جائزہ لیا گیا۔ یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کے ایم ڈی نے کمیٹی کو بتایا کہ ملک بھر میں یوٹیلیٹی سٹوروں پر چینی اور آٹا کا معقول سٹاک موجود ہے اور شہریوں کورعایتی نرخوں پر یہ اشیاء فراہم کی جارہی ہیں۔