سہولت بازار جائزہ ، تھانے پر چھاپہ، حکومت ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ، پی ڈی ایم سازشیں کررہی ہے: عثمان بزدار

لاہور، سیالکوٹ، ظفروال، سمبڑیال (نیوز رپورٹر+ نامہ نگاران) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ظفروال، سمبڑیال اور سیالکوٹ کے طوفانی دورے کئے اور سستے سہولت بازار کا دورہ کیا اور تھانے پر بھی چھاپہ مارا۔ وزیراعلیٰ ظفروال میں صوبائی وزیر اوقاف پیر سید سعیدالحسن شاہ کی رہائش گاہ پر گئے اور ان کے بھائی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ بعدازاں وزیراعلیٰ عثمان بزدار بغیر شیڈول اچانک سبمڑیال پہنچے۔ وزیر اعلیٰ نے سمبڑیال میں سہولت بازار کا دورہ کیا۔ سٹالوں پر جا کر آٹا، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کے نرخ کا جائزہ لیا، شہریوں سے اشیائے ضروریہ کی فراہمی اور قیمتیں بھی دریافت کیں۔ شہریوں نے کہا کہ آپ کا یہ اقدام ہمارے لئے ریلیف کا باعث ہے۔ سہولت بازار میں اشیاء سستے داموں دستیاب ہیں۔ خریداری کیلئے آنے والی خاتون نے وزیراعلیٰ کو اپنا مسئلہ پیش کرکے انصاف کی اپیل کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خاتون کو فوری انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ آپ کو ہر صورت انصاف ملے گا۔ عثمان بزدار نے اس موقع پرکہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں آٹا مقررہ نرخ پر دستیاب ہے۔ ظفروال سے سمبڑیال آیا ہوں تاکہ صورتحال کا خود جائزہ لے سکوں۔ عوام کی خدمت کے مشن میں کسی کو رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔ منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رہے گا۔ صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے آخری حد تک جاؤں گا۔ عثمان بزدار نے سہولت بازار سے واپسی پر تھانہ سیالکوٹ ایئرپورٹ پر اچانک چھاپہ مارا اور تھانے کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے تھانے میں موجود شہریوں سے پولیس کے رویئے کے بارے میں دریافت کیا۔ حوالات کا معائنہ کیا اور ملزموں سے گفتگو بھی کی۔ فرنٹ ڈیسک کا بھی جائزہ لیا اور طریقہ کار کا مشاہدہ کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پولیس کو درکار وسائل مہیا کر رہے ہیں، اب کارکردگی دکھانا ہوگی۔ افسر اور اہلکار تھانے میں آنے والے سائلین کی داد رسی یقینی بنائیں۔ وزیراعلیٰ نے عمدہ کارکردگی پر تھانہ سیالکوٹ ایئرپورٹ کے عملے کیلئے ایک لاکھ روپے نقد انعام کا اعلان کیا اور کہا کہ جو اچھا کام کرے گا اس کی حوصلہ افزائی کی جائے گی اور عوام کی خدمت نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی جاری رہے گی۔ علاوہ ازیں ایک بیان میں وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ اپوزیشن رہنماؤں کو عوام کے مسائل سے کوئی سروکار نہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت روز فلاح عامہ کے منصوبوں کا افتتاح کر رہی ہے جبکہ پی ڈی ایم صرف سازشوں میں مصروف ہے۔ اپوزیشن جماعتیں پاکستان کی ترقی روکنے کے درپے ہیں اور یہ عناصر ملک کو درست سمت پر چلتا دیکھ کر بوکھلاہٹ کا شکار ہیں۔ عوام جانتے ہیں کہ ماضی میں انہی جماعتوں نے اقتدار میں رہ کر معیشت کو تباہ کیا۔ عمران نے ماضی کی حکومتوں کی خرابیوں کو درست کیا ہے اور آج ملک درست سمت کی جانب بڑھ رہا ہے جس کا کریڈٹ وزیراعظم کو جاتا ہے۔ پاکستان کو اندرونی اور بیرونی چیلنجز درپیش ہیں اور موجودہ نازک حالات میں افراتفری کی سیاست غیر دانشمندانہ اور ملکی مفادات کے منافی ہے۔ اپوزیشن جماعتیں انتشار پھیلا کر ذاتی ایجنڈے کی تکمیل چاہتی ہیں جبکہ عوام منفی سیاست کی بجائے ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن

میں نہ مانوں! 

خالدہ نازش میری سکول کی ایک دوست کو ڈائجسٹ پڑھنے کا بہت شوق تھا ، بلکہ نشہ تھا - نصاب کی کوئی کتاب وہ بے شک سکول بستے میں رکھنا ...