اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے 2020ء سے 2025ء تک کے لیے ٹیکسٹائل پالیسی کے مسودہ کی منظوری دے دی ہے۔ وزرات تجارت ٹیکسٹائل ڈویژن حکام کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے ٹیکسٹائل پالیسی منظوری کے لیے اقتصادی رابط کمیٹی میں پیش کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ٹیکسٹائل پالیسی منظوری کے لیے آئندہ ہفتے ای سی سی کو بھجوائی جائے گی۔ دستاویزی پالیسی میں 2025ء تک ٹیکسٹائل برآمدات 20 ارب 80 کروڑ ڈالرتک لے جانے، بجلی اورگیس کے ٹیرف کم کرنے، ٹیکسٹائل سیکٹر کی مشینری کے لیے لانگ ٹرم فنانسنگ بڑھانے اور نئی منڈیوں تک رسائی سمیت ہیومین ریسورس ڈوپلمنٹ پر فوکس کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ دستاویز میں ٹیکسٹائل سیکٹرکو بجلی 9 سینٹ سے کم کرکے 7.5 سینٹ، آر ایل این جی گیس 6.5 ڈالرفی ایم ایم بی ٹی یو، قدرتی گیس 786 روپے ایم ایم بی ٹی یو اور 2025ء تک مین میڈ فائبر 30 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد تک استعمال کرنے اور مارک اپ کی شرح 5 فیصد تک برقرار رکھنے کی بھی تجویز پیش کی گئی ہے۔علاوہ ازیں وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان نے کرونا کے پہلے مرحلے میں قابل تقلید حکمت عملی اور بروقت فیصلوں سے وبا پر قابو پایا جس کی دنیا معترف ہے۔ اب بھی اس وبا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں کرونا کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے اعلیٰ سطح اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزرا مخدوم خسرو بختیار، شفقت محمود، حماد اظہر، شبلی فراز، اعجاز شاہ، اسد عمر کے علاوہ معاونین خصوصی ثانیہ نشتر، ڈاکٹر فیصل سلطان، مشیرِ وزیراعظم عبدالرزاق داؤد اور وزیرِ مملکت علی محمد خان نے شرکت کی۔ اجلاس کو نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کی طرف سے کئے گئے فیصلوں کے حوالے سے بتایا گیا۔ وزیراعظم کو ملک میں کرونا کے پھیلاؤ، وبا سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور ہسپتالوں کی استعداد کار سمیت مختلف پہلوؤں کے حوالے سے آگاہ کیا گیا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ اب ہمیں دوسرے مرحلے میں بھی سنجیدگی، توازن اور احتیاط کا دامن ہرگز نہیں چھوڑنا چاہیے۔ وزیراعظم نے وبا کی پھیلاؤ کو روکنے اور عام لوگوں کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے تمام ممکنہ اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔دریں اثناء وزیراعظم سے وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ فہیمدہ مرزا نے ملاقات کی۔ کھیلوں کی سرگرمیوں سے متعلق مختلف انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کی زیادہ تر آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے۔ کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے بہترین مواقع میسر کرنا ضروری ہیں۔ دریں اثناء وزیراعظم پاکستان عمران خان سے وزیر اعلیٰ خیبر پی کے محمود خان نے اسلام آباد میں ملاقا ت کی اور باہمی دلچسپی کے مختلف اْمور پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر صوبے میں میگا ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاح و بہبود کیلئے صوبائی حکومت کے اقدامات، صوبے میں کروناکی تازہ ترین صورتحال اور اس سے نمٹنے کیلئے صوبائی حکومت کے انتظامات سمیت دیگر معاملات زیر بحث آئے۔ دونوں رہنماؤں نے کرونا کی موجودہ نازک صورتحال میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے جلسوں کے انعقاد کو عوام دشمنی کے مترادف قرار دیتے ہوئے اس پر افسوس کا اظہار کیا اور کہاکہ اپوزیشن والے اپنی سیاست چمکانے کے لئے عوام کی جانوں سے کھیل رہے ہیں جو اْن کی طرف سے غیر سنجیدہ اور غیر ذمہ دارانہ رویہ ہے۔