پاکستان ریلوے کاسسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے 230ماڈرن ہائی سپیڈ پسنجر کوچز خریدنے کا فیصلہ

 پاکستان ریلوے نے اپنے سسٹم کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے 230ماڈرن ہائی سپیڈ پسنجر کوچز خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے باقاعدہ ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق یہ 230ماڈرن کوچز دو مرحلوںمیں خریدی جائیں گی۔ پہلے مرحلے میں46کوچز امپورٹ کی جائیں گی جبکہ دوسرے مرحلے میں 184کوچز کیرج فیکٹری اسلام آباد میں خام مال سے تیار کی جائیں گی۔ ان 230کوچز میں 80اکانومی کلاس کوچز 80اے سی سٹینڈرڈ 30پارلر کار 20لیگیج وین 20بریک وین شامل ہیں۔پاکستان ریلوے مارکیٹ کی ضرورت اور اپنے بزنس ٹارگٹ کو بڑھانے کے لئے حکومت وقت کی ہدایات پر یہ کام کر رہا ہے ۔ موجودہ حکومت نے پاکستان ریلوے کو ایک منافع بخش ادارہ بنانے اور مسافروں کو جدید سفری سہولیات مہیا کرنے کے حوالے سے اہم اقدام کا فیصلہ کیا ہے۔ اس ٹینڈر کی شفافیت کو یقینی بنانے کے لئے اس سے پہلے اس کا ایک سیمینار بھی منعقد کیا جا چکا ہے۔ جس میں 69مندوبین نے شرکت کی ۔ اس میں سرکاری افسران، بین الاقوامی کمپنیوں کے نمائندے اور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے نمائندگان نے شرکت کی۔ اس سیمینار میں پیش کی جانے والی تجاویز پر پاکستان ریلوے نے مکمل غور کیا تاکہ خریداری کے عمل میں مزید شفافیت لائی جائے۔ ان کوچز کے استعمال سے نہ صرف عوام کی سفری سہولتوں میں مزید بہتری آئے گی بلکہ پاکستان ریلوے اپنی آمدن میں بھی خاطر خواہ اضافہ کرے گا۔ اس کے علاوہ پاکستان ریلوے نے 820مال بردار گاڑیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ جن کا باقاعدہ ٹینڈر جاری کر دیا گیا ہے۔ ان میں سے 200مال گاڑیاں مکمل امپورٹ کی جائیں گی۔ جبکہ 620مال گاڑیاں خام مال سے ریلوے ورکشا پ میں تیار کی جائیں گی۔

ای پیپر دی نیشن