صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے تمام موبائل ہیلتھ یونٹس کا دائرہ کاروسیع کرنے کا حکم دے دیا

Nov 24, 2020 | 18:42

 وزیر صحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے تمام موبائل ہیلتھ یونٹس کا دائرہ کاروسیع کرنے کا حکم دے دیاہے۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے یہ احکامات محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئرمیں اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کئے۔اجلاس میں سیکرٹری صحت کیپٹن(ر)عثمان یونس،ایڈیشنل سیکرٹری ڈویلپمنٹ ڈاکٹرعمرفاروق احمر،ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی ارشد عثمانی ودیگرافسران نے شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے اجلاس کے دوران پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ایم ڈی پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی ارشد عثمانی نے صوبائی وزیر صحت کو کارکردگی کی تفصیلات پیش کیں۔
    صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب ہیلتھ فییلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے افسران کو کارکردگی مزید بہتربنانے کا موقع دیاجارہاہے۔تمام 20موبائل ہیلتھ یونٹس مریضوں کو سہولت دیتے نظرآنے چاہئیں۔موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے دوردراز کے علاقہ جات میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی میں کئے گئے تمام اخراجات کی تفصیلات پیش کی جائیں۔پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی میں تمام اخراجات کا مکمل آڈٹ کیاجائے گا۔تمام موبائل ہیلتھ یونٹس کو مکمل فعال ہوناچاہئے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے ذریعے پنجاب بھر میں مریضوں کو سہولت دی جارہی ہے۔کمپنی کی خالی اسامیوں پر سوفیصد میرٹ پر بھرتی کی جائے۔پنجاب ہیلتھ فیسلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کے صوبہ بھرمیں تمام افسران کی کارکردگی کاجائزہ اجلاس جلدطلب کیاجائے گا۔آئندہ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے مریضوں کو ہسپتالوں میں ریفرکیاجائے گا۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے طبی سہولت حاصل کرنے والے مریضوں کی تفصیلات پیش کی جائیں۔پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کو مزیدبہتربنایاجائے۔تمام موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے ویکسینیشن کا عمل تیز کیاجائے۔صوبائی وزیر صحت نے کہاکہ پنجاب میں ویکسینیشن کا دائرہ کاربڑھانے میں موبائل ہیلتھ یونٹس کلیدی کرداراداکرسکتے ہیں۔تمام موبائل ہیلتھ یونٹس میں ویکسینیشن کی سہولت کو یقینی بنایاجائے۔تمام موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے کوروناوائرس کے تشخیصی ٹیسٹ کے نمونہ لینے کیلئے انتظامات کئے جائیں۔موبائل ہیلتھ یونٹس کومریضوں کیلئے زیادہ سے زیادہ سودمندبنانے کی کوشش کررہے ہیں۔صوبائی سیکرٹری محکمہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کئیر کیپٹن(ر)عثمان یونس نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی کی کارکردگی کاہرماہ جائزہ لیاجائے گا۔انہوں نے کہاکہ پنجاب ہیلتھ فیسیلیٹیز مینجمنٹ کمپنی میں تمام تربھرتیوں کے عمل میں سوفیصدشفافیت کو یقینی بنایاجائے گا۔

مزیدخبریں