بھارت ابھی نندن کو ایوارڈ ڈیکر اپنا مذاق اڑایا: پاکستان

Nov 24, 2021

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+خبر نگار خصوصی) فروری 2019ء میں پاکستانی فضائیہ کا ایف 16 گرانے کا بھارتی دعوی پاکستان نے سختی سے مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اس بھارتی دعوے کو مکمل طورپر بے بنیاد قرار دیتے ہوئے سختی سے مسترد کردیا ہے کہ فروری 2019ء کو آزاد جموں وکشمیر میں پاکستان کی جانب سے گرفتار ہونے والے بھارتی پائلٹ نے گرفتاری سے قبل ایک پاکستانی ایف16 طیارہ مار گرایا تھا۔ مارگرائے جانے والے بھارتی طیارے کے پائلٹ کو اعزاز دیتے وقت پڑھا جانے والا تعارف بھارتی جعلسازی اور فرضی قصے کہانیوں کی ایک بہترین مثال ہے جس کا مقصد اپنے عوام کو خوش کرنا اور اپنی ہزیمت و رسوائی کو چھپانا ہے۔ پاکستانی ایف 16 کی تعداد دیکھنے کے بعد عالمی ماہرین اور امریکی حکام پہلے ہی یہ تصدیق کرچکے ہیں اس روز پاکستان کا ایف16 مار نہیں گرایا گیا تھا۔ پوری طرح سے پہلے ہی بے نقاب ہوجانے والے ایک جھوٹ کو پھیلانے پر بھارت مصِر ہے جو مضحکہ خیز اور لغو حرکت ہے۔ خیالی کارنامے پر بہادری کا فوجی اعزاز دینا فوجی اقدار کے ہر معیار کے منافی ہے۔ بعد میں آنے والے خیال کے تحت یہ اعزاز دے کر بھارت نے خود اپنا مذاق اڑایا ہے۔  ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 27 فروری 2019کو پاکستان ائیر فورس نے 2 بھارتی جہازوں کو دن کی روشنی میں بہادری سے مار گرایا تھا، ایک بھارتی مگ 21 طیارہ آزاد جموں وکشمیر کی حدود میں گرایا گیا تھا اور تباہ شدہ بھارتی جہاز کے پائلٹ کو پاکستان نے پکڑکرجذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کیا جب کہ بھارتی پائلٹ کو واپس بھجوانا اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان بھارتی ہٹ دھرمی کے باوجود امن کا خواہاں ہے۔ دفتر خارجہ نے کہا کہ دوسرا بھارتی ایس یو 30 جنگی طیارہ پاکستان ایئرفورس نے مار گرایا جو ایل او سی کی دوسری جانب گرا۔ اسی دن بھارتی فوج نے خوف کے باعث اپنا ہی ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر سری نگر کے قریب مار گرایا، پہلے بھارتی فوج نے اس سے انکار کیا بعد میں اپنی غلطی کو تسلیم کرلیا۔ پاکستان فروری2019 کی طرح ہردم تیار اور دشمن کے عزائم کو خاک میں ملانے کے لیے مستعد ہے۔ بھارت کو فروری 2019 کے پاکستان کے منہ توڑ جواب کے باعث مستقبل میں ایسی مہم جوئی سے باز رہنا چاہیے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے بھارتی فضائیہ کے پائلٹ ابھی نندن کو دیئے جانے والے اعزاز کو کامیڈی فلم کے ایک سین کی شوٹنگ قرار دے دیا۔ ٹوئٹر پر فواد چودھری کی جانب سے بھارتی ایوان صدر میں اعزازات کی تقریب کی ویڈیو شیئر کی گئی جس میں ابھی نندن کو بھارت کے صدر کی جانب سے ’ویر چکرا‘ اعزاز وصول کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ فواد چوہدری نے بھارتی ونگ کمانڈر ابھی نندن کو ویر چکرا ایوارڈ دینے کی دلچسپ ویڈیو شیئر کر دی۔ گزشتہ روز جب یہ خبر سامنے آئی تو سوشل میڈیا پر ایک ہنگامہ برپا ہوگیا۔ صارفین کی بڑی تعداد نے ابھی نندن کے نام کے ہیش ٹیگ کو استعمال کرتے ہوئے اپنے پیغامات شیئر کیے۔ جس سے ابھی نندن کا نام ٹوئٹر پر ٹاپ ٹرینڈ میں شامل ہوگیا۔ اس موقع پر صارفین نے ابھی نندن کو پاکستانی فوج کی جانب سے پیش کی جانے والی چائے کو بھی خوب یاد کیا اور دلچسپ میمز بنائے۔

مزیدخبریں