مظفرآباد (اے پی پی) آزاد جموں وکشمیر کابینہ نے اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کرلیا ہے جس کے لئے جلد قانون سازی کی جائے گی۔ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کی زیر صدارت آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں اوورسیز کشمیریوں کو ووٹ کا حق دینے کا فیصلہ کیا گیا،کابینہ نے بیواؤں اور یتیموں کی مالی معاونت کیلئے ترمیمی ایکٹ کی منظوری دیدی جس کے مطابق یتیموں اور بیواؤں کی کفالت کیلئے خصوصی فنڈقائم کیا جائیگا۔ کابینہ کو احتساب ایکٹ میں ترمیم کے حوالہ سے قائم کمیٹی نے اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ شادی بیاہ و دیگر سماجی تقریبات میں ون ڈش سسٹم کو رائج کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ توانائی کی ضروت کو پورا کرنے کیلئے نیٹ میٹرنگ سسٹم کا نفاذ کیا جائیگا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے کابینہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیاسی وابستگیوں کوبالائے طاق رکھتے ہوئے عوام کی خدمت ہمارا مشن ہے ،آزادکشمیر میں بلاتفریق احتساب حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ حکومت لاوارث افراد کی بھی کفالت کریگی۔ انکا مزید کہنا تھا مودی مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے۔ بے گناہ شہریوں کو شہید کر کے بھارتی فورسز نے بزدلی کا ثبوت دیا۔ مقبوضہ کشمیر پر بھارت نے جبری قبضہ کر رکھا ہے۔