ملک میں تبدیلی لانی ہے تو نواجوان نسل کو ہنر مند بنانا ہوگا، اسد عمر 

Nov 24, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے وزارت منصوبہ بندی میں وزیر اعظم کے کامیاب جوان کے تحت چلنے والے پروگرام "سکل فار آل (ہنر سب کے لیے)" کے گریجویٹس سے ملاقات کی۔  ملاقات میں  سی ای او نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن سید جاویدحسن اور اسلام آباد کی مختلف یونیورسٹیوں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔ملاقات میں وفاقی وزیر اسد عمر نے "ہنر سب کے لیے پروگرام" کے تحت مختلف شعبوں میں ہنر حاصل کرنے والے طلبہ و طالبات سے انکے  تجربات  پر تفصیلی بات چیت کی اور انکی تجاویز بھی زیرغور لائی گئیں۔  ملاقات مین بتایا گیا کہ اس پروگرام کے تحت 50 ہزار نوجوانوں کو تکنکی مہارت دی جارہی ہے ، پہلا بیج اپنی مدت مکمل کر چکا ہے ، دوسرا بیج جاری ہے جبکہ تیسرا بیج چند ماہ کے اندر اندر شروع کر دیا جائے گا وفاقی وزیر اسد عمر نے طلبہ طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس ملک میں تبدیلی لانا ہے تو اسکی نواجوان نسل کو ہنر مند بنانا ہوگا۔  انھوں نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی اس کا سب سے بڑا اثاثہ ہے۔اگر معیاری تربیت اور ہنر مندوں کو معاشی طور پر منسلک کیا جائے تو وہ قومی معیشت کو نمایاں طور پر فروغ دیں گے تاہم، کارکنوں کی ناکافی مہارت اور تعلیم اکثر گھریلو سرمایہ کاری کی راہ میں رکاوٹ ہیں، اور اس وجہ سے ملازمت کے محدود مواقع اور اس کے نتیجے میں سماجی خرابیاں پیدا ہوتی ہیں۔اسد عمر نے کہا کہ ہمیں ایک ایسا ماحولیاتی نظام بنانے کی کوشش کرنی چاہیے جو معیشت کے مختلف شعبوں میں صنعتوں کی ضرورت کے مطابق اعلیٰ معیار کی مہارت کی تربیت فراہم کرے۔ اس سے سرمایہ کاری، ملازمت کے مواقع، روزگار، خوشحالی، اور اس طرح ہنر کی تربیت میں مزید سرمایہ کاری کا ایک اچھا دور شروع ہوگا۔ اسد عمر نے کہا کہ اسکل فار آل پروگرام سے زیر تربیت طلبہ کو کامیاب جوان پروگرام ’’یوتھ انٹرپرینیورشپ لون سکیم‘‘ کے تحت ترجیحی بنیادوں پر قرضے فراہم کیے جائیں گے تاکہ مستقبل میں یہ طلبہ چھوٹے پیمانے پر اپنا باوقار کاروبار شروع کر سکیں۔
اسد عمر

مزیدخبریں