اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)ایگزیکٹو ممبر ائی سی سی ائی عمیس خٹک نے کہا ہے کہ حکومتی تین سالوں میں گیس بحران کے خاتمہ کیلئے کئے گئے اقدامات ناکافی ہیں، صنعتوں کو بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ سے مستثنیٰ قرا ر دیا جائے تاکہ ملکی برامدات میں اضافہ ممکن ہوسکے اور زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ سے ملک خوشحالی و ترقی کی راہوں پر گامزن ہوسکے۔انہوں نے کہا کہ گیس بحران کے خاتمہ کیلئے تاپی گیس پائپ لائن منصوبہ اور پاک ایران گیس پائپ لائن منصوبہ فی الفور پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے تاکہ انڈسٹریز کو اس کی ضرورت کے مطابق گیس کی فراہمی تعطل کا شکار نہ ہو کیونکہ گیس کی بندش سے صنعتی شعبہ میں مال کی فراہمی کے قبل از کیے گئے معاہدوں کی عدم تکمیل سے صنعتکار مالی مشکلات کا شکار ہونگے جس سے صنعتی و تجارتی شعبہ متاثر ہوگا ۔انہوں نے موسم سرما میں ایکسپورٹ سیکٹراور سیمنٹ سیکٹر کے علاوہ تمام صنعتوں کودوماہ کیلئے گیس کی فراہمی بند کرنے کے فیصلہ کوتشویشناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ صنعتوں کو اس کی ضروریات کے مطابق گیس کی فراہمی یقینی بنائی جائے کیونکہ گیس کی بندش سے سینکڑوں صنعتیں بند ہونے سے لاکھوں مزدور بے روزگاری کا شکار ہونگے۔
عمیس خٹک