اسلام آباد(نا مہ نگار)سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا۔ قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں وفاقی دارلحکمومت اسلام آباد میں بڑھتے ہوئے چوری، ڈکیتی، ریپ، قتل و دیگر جرائم کے واقعات کے تدارک کیلئے اسلام آباد پولیس کی طرف سے امن و امان کو برقرار رکھنے اور جرائم کے تدارک کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے علاوہ سینیٹر نزہت صادق کی F-10سیکٹر میں واقعہ رہائش گاہ میں ہونے والی ڈکیتی کے واقعہ کے علاوہ اسلام آباد کے سیکٹر G-13 میں ہونے والی چوری کے حوالے سے پولیس کے غیر پیشہ وارانہ رویے اور اس کیلئے قائمہ کمیٹی کی سفارشات پر عملدرآمد کے معاملات کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔چیئرمین و اراکین کمیٹی نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان، چوری، ڈکیتی و دیگر جرائم کی بڑھتی ہوئی وارداتوں پر شدید تحفظات کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ متعلقہ اداروں کو مناسب متحرک ہونا چاہئے لوگوں کو تحفظ فراہم کرنا فرائض منصبی میں شامل ہے۔ دارلحکومت میں امن و امان کے حالات کی تنزلی سے تمام لوگ پریشان ہیں اور اسلام آباد کے پوش علاقوں میں چوری، ڈکیتی، قتل اور زیادتی کے واقعات ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان بن گئے ہیں۔قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اسلام آباد کے سیکٹر G-9میں ہونے والی ہوائی فائرنگ اور آتش بازی کے واقعات پر چیئرمین کمیٹی سینیٹر محسن عزیز نے کہا کہ ان کے تدارک کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں۔ کمیٹی کے اجلاس میں سینیٹر ز ثمینہ ممتاز زہری، سیف اللہ ابڑو، رانا مقبول احمد، شہادت اعوان، محمد طلحہ محمود، فوزیہ ارشد، دلاور خان اور نزہت صادق کے علاوہ آئی جی اسلام آباد پولیس قاضی جمیل،ڈی آئی جی آپریشن اسلام آباد، ڈی آئی جی سیف سٹی، جوائیٹ سیکرٹری وزارت داخلہ، ڈی سی اسلام آباد و دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔
قائمہ کمیٹی داخلہ
قائمہ کمیٹی داخلہ کا اجلاس،اسلام آباد میں چوری وڈکیتی کی وارداتوں پر اظہار تشویش
Nov 24, 2021