اسلام آباد(نامہ نگار)تحریک پاکستان کے ممتاز رہنما روزنامہ زمیندار کے مالک مولانا ظفر علی خان کی پینسٹھویں برسی کے موقع پر ادارہ فروغِ قومی زبان میں تقریب منعقد ہوئی۔ پروفیسر ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے صدارت کی۔ مہمان خصوصی (نبیرہ مولانا ظفر علی خان)مسعود علی خان تھے۔ چوہدری خالد عظیم، ڈاکٹر سبحان اللہ اور آغر ندیم سحر نے مولانا کی شخصیت اور فن کے حوالے سے گفتگو کی۔ افتتاحی کلمات ڈاکٹر راشد حمید نے ادا کیے۔ ادارے کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر رؤف پاریکھ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ مولانا ظفر علی خان تحریک پاکستان کے سرکردہ رہنما اور بے باک صحافی تھے جنھوں نے اپنے اردو اخبار زمیندار کے ذرایعے انگریزوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرنے کی پاداش میں طویل عرصہ جیل میں بھی گزارا۔ اس قومی رہنما کو ان کی برسی کے موقع پر خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر زاہد منیر عامر نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان نے عمر بھر قلم سے جہاد کیا۔آغر ندیم سحر نے کہا کہ مولانا ظفر علی خان نے اپنے پیچھے بہت بڑا علمی ادبی سرمایہ چھوڑا۔چوہدری خالد عظیم نے کہا کہ زمیندار اخبار مولانا کی اصل پہچان بنا۔