شوگر فالج اور گردوں کے امراض کی بڑی وجہ موٹاپا ماہرین صحت

کراچی( سید شعیب شاہ رم) نوائے وقت گروپ نے ڈی ایچ اے سٹی اور ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ اینڈ سائنسز کے اشتراک سے ذیابیطس کی آگاہی کیلئے واک اور سیمینار کا انعقاد کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ڈی ایچ اے سٹی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر سید حماد گیلانی، ڈاؤیونیورسٹی کے این آئی ڈی ای کے ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر اختر علی بلوچ اور نوائے وقت گروپ کراچی کے سربراہ خالد محمود، ڈی ایچ اے سٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن محمد صدیق سمیت اعلی حکام، اساتذہ اور طلباء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ تقریب سے قبل ڈاؤیونیورسٹی اور ڈی ایچ اے سفاء یونیورسٹی کے طلباء اور اساتذہ نے ذیابیطس کی آگاہی اجاگر کرنے کیلئے واک کی۔ بعدازاں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر اختر علی بلوچ نے کہا کہ پاکستان میں ذیابیطس کا مرض تیزی سے پھیل رہا ہے جس کی اصل وجہ موٹاپا، وزرش نہ کرنا اور مرغن غذائیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اپنا طرز زندگی بدلنے کی ضرورت ہے کیونکہ بغیر ورزش کے معمولات زندگی سے موٹاپا بڑھ رہا ہے ماضی میں پاکستان موٹاپے میں عالمی سطح پر 84 ویں نمبر پر تھا مگر اب 9 ویں نمبر پر آگیا ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر اختر بلوچ نے مزید کہا کہ موٹاپے کے باعث لوگ ذیابیطس، بلند فشار خون، امراض قلب، فالج اور گردوں کے موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ تقریب سے ڈاؤ یونیورسٹی کے اسسٹنٹ پروفیسر سید محمد حسن، ڈاکٹر زرین کرن، ڈاکٹر خلیل اللہ شبیر، ڈاکٹر نازش، تحمینہ راشد نے شرکاء کو انسولین کا بہتر استعمال، افادیت اور ذیابیطس کے مرض سے متعلق عوام میں پائی جانے والی غلط فہمیوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ صحت مند زندگی گزارنے کیلئے کس طرح کی غذا، ورزش اور معمولات زندگی پر عمل کرکے ذیابیطس جیسے موذی مرض سے بچا جاسکتا ہے۔ تقریب میں نوائے وقت کراچی کے اسٹیشن ہیڈ خالد محمود نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیے۔ تقریب کے اختتام پر ڈی ایچ اے سٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن محمد صدیق نے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوائے وقت گروپ اور ڈاؤ یونیورسٹی کے ساتھ اشتراک پر فخر ہے، ڈی ایچ اے سٹی عوام کی صحت مند زندگی کیلئے ہر ممکن تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد ایک صحت مند معاشرہ ہے جہاں لوگ تندرست اور عالمی معیار کی بہترین طرز رہائش اختیار کر سکیں۔ 
ماہرین صحت

ای پیپر دی نیشن