کراچی(اسپورٹس رپورٹر) پاکستان کپ فٹبال ٹورنامنٹ 2021 کے پہلے میچ میں شہباز محمڈن کلب نے غریب شاہ یونین لیاری کو 2-1 سے شکست دیدی۔ دوسرے میچ میں 16 اسٹار کلب نے الفلاح کلب کو پینلٹی کک پر 4-2 سے ہرادیا ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی ٹیسٹ فاسٹ بائولر محمد سمیع تھے ایونٹ ڈائریکٹر ناصر اسماعیل آرگنائزنگ سیکریٹری عبد المعیز علی تھے۔ اس موقع پر صدر سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن قمر زمان ، صدر پاکستان اسپورٹس اینڈ کلچر افتخار الہی ، ہائی کورٹ کے وکیل جیلانی ، سرٹوریاڈی ایمبیسڈر کے چیف ایگزیکٹو سرفراز اکبر و دیگر بھی موجود تھے ۔ الفلاح فٹبال گرائونڈ نارتھ ناظم آباد میں منعقدہ رنگا رنگ ٹورنامنٹ میں کثیر تعداد میں شائقین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مہمان خصوصی محمد سمیع نے کہا کہ ملک میں فٹبال کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے کولیفائیڈ کوچز کے ذریعے کھلاڑیوں کی تربیت سے بین الاقوامی سطح کے پلیئرز تیار کیئے جاسکتے ہیں ۔ ناصر اسماعیل نے کہا کہ فٹبال کے فروغ کیلئے بھرپور کوششیں کررہے ہیں ۔ سرفراز اکبر نے کہا کہ بہترین فٹبال ٹورنامنٹ کے انعقاد پر ناصر اسماعیل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں ۔ امید ہے وہ فٹبال کی ترقی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ آرگنائزنگ سیکریٹری عبد المعیز علی نے کہا کہ ایونٹ میں ٹاپ کی ٹیمیں شرکت کررہی ہیں ۔ یہ ایک یادگار ٹورنامنٹ ثابت ہوگا۔
پاکستان کپ فٹبال، شہباز محمڈن نے غریب شاہ یونین کو ہرا دیا
Nov 24, 2021