لاہور(سپورٹس رپورٹر)اینگرو سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے لاہور میں انعقاد کی تمام تیاریاں مکمل‘ میزبان پاکستان کے علاوہ ورلڈ نمبر 8 ایران، سری لنکا، بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اس بات کا اعلان پاکستان والی بال فیڈریشن کے چیئرمین چوہدری محمد یعقوب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوںنے کہا کہ بھارتی ٹیم نے چیمپئن شپ میں شرکت سے معذرت کر لی تھی جس کی بڑی وجہ ان کی حکومت نے انہیں اجازت نہیں دی تھی۔ 17 سال بعد پاکستان سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی کر رہا ہے جس کے شاندار مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔ چیمپئن شپ کے آغاز سے قبل ہم نے اپنے آفیشلز کیلئے ٹریننگ پروگرام بھی ترتیب دیا تھا تاکہ وہ الیکٹرانک سسٹم کو سمجھ سکیں۔ سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ سنگل لیگ کی بنیاد پر کھیلی جائیگی۔ ٹاپ دو ٹیموں کے درمیان فائنل میچ کھیلا جائیگا جبکہ تیسرے اور چوتھے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کے درمیان تیسری پوزیشن کا میچ ہوگا۔ تینوں ٹیموں کو ٹرافی کیساتھ ساتھ میڈلز بھی دیئے جائیں گے۔ پاکستان ٹیم نے بہترین تیاری کی اور اچھے نتائج دے گی۔ پاکستان ٹیم آئندہ دو سال میں ایشیا وکٹری سٹینڈ پر ہو گی۔ اس وقت پاکستان ایشیا اوشیانا کے 65 ممالک میں ساتوین پوزیشن پر ہے۔ ہمارا ٹارگٹ 2028 اولمپک کیلئے کوالیفائی کرنا ہے۔ کوشش ہے کہ ایشیا کے وکٹری سٹینڈ پر آئیں اور عالمی سطح کیلئے کوالیفائی کریں، آئندہ دو تین سال میں ٹاپ 24ٹیموں میں شامل ہونگے۔ برازیل سے آئے ہوئے کوچ موجود ہیں۔ ہم مزید غیر ملکی کوچز کی مدد لے کر ایج گروپ کی ٹیمیں بنا کر اپنی بیس کو بڑھائیں گے، ہمارے پاس ٹیلنٹ موجود ہیں کوئی وجہ نہیں کہ ہم ٹاپ ٹیموں میں شامل نہ ہوں۔ گروپ ڈائریکٹر ٹرانس گروپ راو عمر ہاشم کا کہنا تھا کہ ہمارا ادارہ ملک میں کھیلوں کے فروغ کیلئے سخت محنت کر رہا ہے۔ 2018ء سے ملک میں والی بال کے فروغ کیلئے اپنے اقدامات کر رہے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ سنٹرل ایشین والی بال چیمپئن شپ کے میچز کو بھی براہ راست عوام تک پہنچانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ اس کھیل کو ہر سطح پر پہنچایا جا سکے۔