لاہور(سپورٹس ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے تیسرے کرکٹر مارٹن گپٹل بھی سنٹرل کنٹریکٹ سے فارغ ہو گئے۔نیوزی لینڈ کرکٹ مارٹن گپٹل کوسنٹرل کنٹریکٹ سے فارغ کرنے پر رضامند ہو گیا ہے۔نیوزی لینڈ کرکٹ کا کہنا ہے کہ مارٹن گپٹل نے سنٹرل کنٹریکٹ سے ریلیز کرنے کی درخواست کی تھی، وہ اب کہیں بھی اپنے لیے مواقع تلاش کر سکتے ہیں۔مارٹن گپٹل کو سلیکشن کیلئے زیر غور لایا جائے گا لیکن ترجیح سنٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کو ہی دی جائے گی۔مارٹن گپٹل کا کہنا ہے کہ ملک کیلئے کھیلنا ایک بہت بڑا اعزاز ہے، اب مجھے اپنے لیے کئی اور آپشنز بھی دیکھنے ہیں۔ مارٹن گپٹل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر نہیں ہو رہے، انہوں نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کوئی میچ نہیں کھیلا تھا اور ان کو بھارت کے خلاف سیریز میں بھی شامل نہیں کیا گیا۔اس سے قبل ٹرینٹ بولٹ اور کولن ڈی گرینڈ ہوم بھی سنٹرل کنٹریکٹ سے الگ ہو چکے ہیں۔
نیوزی لینڈ نے مارٹن گپٹل کو بھی سنٹرل کنٹریکٹ سے فارغ کردیا
Nov 24, 2022